جمعہ, مئی 8, 2026
اشتہار

اینا مولکا احمد: معروف پاکستانی مصور

اشتہار

حیرت انگیز

پاکستان میں جن معمارانِ فنونِ لطیفہ کا نام ان کے فن و تخلیق کے ساتھ اس شعبے میں ان کی خدمات کے سبب ممتاز ہوا، اینا مولکا احمد انہی میں سے ایک ہیں۔ اس نام ور پاکستانی مصورہ اور معلّمہ نے ملک میں فائن آرٹس کی تعلیم کے نصاب سے لے کر طریقہ ہائے تدریس اور اس کے وسائل بہم کرنے کے لیے مثالی کوششیں کیں۔ اینا مولکا احمد کی کاوشیں تھیں‌ کہ پنجاب کی جامعہ میں باقاعدہ مصوری کی تدریس کا آغاز ہوا اور یہاں سے فارغ التحصیل طلبا نے فن مصوری میں نام بنایا۔

اینا مولکا 20 اپریل 2005ء کو انتقال کرگئی تھیں۔ آج ان کی برسی منائی جارہی ہے۔ اینا مولکا نے یہودی گھرانے میں آنکھ کھولی تھی۔ بعد میں‌ اسلام قبول کیا اور شادی کر کے پاکستان چلی آئیں۔ وہ 1917ء میں لندن میں پیدا ہوئیں۔ ابتدائی تعلیم مکمل کرکے رائل کالج آف آرٹس، لندن میں داخلہ لیا اور وہیں ان کی ملاقات شیخ احمد سے ہوئی جو خود بھی ایک اچھے مصوّر تھے۔ یہ 1935ء کی بات ہے۔ بعد میں شیخ احمد کی رفیقِ حیات بنیں اور یہ جوڑا 1939ء میں لاہور آگیا۔ یہاں اینا مولکا نے پنجاب یونیورسٹی میں شعبۂ فنونِ لطیفہ کی بنیاد رکھی۔ تقسیم سے قبل یعنی 1940ء سے لے کر پاکستان بننے کے بعد 1972ء تک اینا مولکا ہی اس شعبے کی چیئرپرسن رہیں۔

مصوری کے ناقدین کے مطابق اینا مولکا یورپی طرزِ مصوّری میں ماہر تھیں جس میں برش کے چھوٹے چھوٹے اسٹروکس سے تصویر مکمل کی جاتی ہے۔ ان کے فن پاروں کی ہر لکیر اور ان کے رنگ آج بھی اپنے مصور کی یاد دلاتے ہیں۔

حکومتِ پاکستان نے اینا مولکا کو تمغائے امتیاز اور صدارتی ایوارڈ برائے حسنِ کارکردگی سے نوازا تھا۔ اینا مولکا احمد کو لاہور کے میانی صاحب قبرستان میں سپردِ خاک کیا گیا۔

+ posts

اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں