اسلام آباد: جاپان نے پاکستان میں افغان مہاجرین کے لیے 37 لاکھ ڈالر امداد کا اعلان کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق جاپان پاکستان میں افغان مہاجرین کی امداد کے لیے 37 لاکھ ڈالر دے رہا ہے، اس سلسلے میں ایک معاہدے پر آج پیر کو جاپانی سفارت خانے میں سفیر جاپان کونینوری متسوڈا اور یو این ایچ سی آر کی نمائندہ نوریکویوشیدہ نے دستخط کیے۔
جاپانی سفارت خانے نے اس سلسلے میں ایک بیان میں کہا کہ جاپانی امداد بلوچستان، خیبر پختون خوا اور پنجاب میں مقیم افغان مہاجرین پر خرچ ہوگی۔
جاپانی سفارت خانے کے مطابق یہ امداد افغان مہاجرین کی تعلیم اور کمیونٹی اسٹرکچر پر خرچ ہوگی، اور یہ اقوام متحدہ ہائی کمشنر برائے مہاجرین کے پروگرامز کے لیے دی جا رہی ہے۔
گزشتہ برس اپریل میں بھی جاپان نے پاکستان میں موجود افغان مہاجرین کے لیے ایک ملین ڈالر کی امداد کا اعلان کیا تھا، اس امداد کا اعلان شہریار آفریدی کی بین الاقوامی برادری کو افغان مہاجرین کے لیے امداد کی درخواست پر کیا گیا تھا۔
جاپانی سفیر کونینوری متسودا نے کہا تھا کہ کرونا وبا کی آزمائش میں جاپان پاکستانی حکومت کے ساتھ کھڑا ہے، جاپان پاکستان کی جانب سے افغان مہاجرین کے لیے 40 سال سے جاری فیاضانہ امداد کو تحسین کی نظر سے دیکھتا ہے۔
شہریار آفریدی نے جاپانی سفیر کو بتایا تھا کہ پاکستان ہر ماہ 60 ہزار افغانیوں کو مفت ویزے دیتا ہے، افغان مہاجرین کے لیے جاپان کی امداد مغربی دنیا کے لیے قابل تقلید ہے۔