اسلام آباد:وفاقی تعلیمی بورڈ نےانٹرمیڈیٹ کے نتائج 30 جولائی کو جاری کرنے کا اعلان کر دیا۔
بورڈ حکام کے مطابق انٹرمیڈیٹ کے نتائج کو حتمی شکل دےدی گئی ہے اور 30 جولائی کو نتائج جاری کر دیے جائیں گے۔
بورڈ حکام کا کہنا ہے کہ پارلیمانی سیکرٹری تعلیم نتائج اعلان کی تقریب کی مہمان خصوصی ہوں گی اور تقریب کے بعد نتائج بورڈ کی ویب سائٹ پر جاری کر دیئےجائیں گے، تقریب کے انعقاد پر کورونا ایس او پیز کا خصوصی خیال رکھا جائے گا۔
کورونا کے باعث میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کےطلبہ کو بغیرامتحانات پروموٹ کرنےکا فیصلہ کیا تھا۔ملک بھر کے بورڈز نویں اور گیارہوں کلاس کی بنیاد پر طلبہ کو اگلی جماعتوں میں ترقی دیں گے۔
14مئی کو پریس کانفرنس کرتے ہوئےوفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا تھا کہ نوویں اور گیارویں کے امتحانات نہیں ہوں گے،جن بچوں کے پاس نویں اور گیارویں کے رزلٹ موجود ہیں ان کو دسویں اور بارویں میں ترقی دے دی گئی ہے , یہ طلبا اگلے سال دسویں اور بارویں کے امتحانات دیں گے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ 10 ویں اور12ویں کے طلبہ کو 9ویں اور11ویں کے نتائج پر پروموٹ کیاجائے گا ،نویں جماعت کے مقابلے میں دسویں جماعت کا رزلٹ بہتر ہوتا ہے ،اس لئے ہم نے فیصلہ کیا کہ طلبا کے نمبروں میں تین فیصد اضافہ کیا جائے گا۔
وفاقی وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ چالیس فیصد مضامین میں فیل ہونیوالے طالبعلموں کوپاسنگ مارکس دیئے جائیں گے اور جو 40فیصد سے زیادہ مضامین میں فیل ہوئے ان کا اسپیشل امتحان ہوگا، اسپیشل امتحان لیا جاسکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ گیارہویں جماعت کے طالبعلم نتائج سے مطمئن نہ ہونےپردوبارہ امتحان دے سکتے ہیں جبکہ بارہویں جماعت کے طالب علم کو ٹوٹل نمبر دیئے جائیں گے، مضامین کے مطابق نہیں ہوں گے۔