کراچی :محکمہ موسمیات نے الرٹ جاری کردیا ہے کہ کراچی کے شہری ایک اور ہیٹ ویو کے لیے تیار رہیں ، منگل سے جمعرات تک گرمی قہر ڈھائےگی ، پارہ 44 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں آج موسم گرم اور خشک رہے گا لیکن کل سے گرمی کی نئی لہر شروع ہونے کا امکان ہے ، آئندہ 3 روز کراچی کا درجہ حرارت بڑھے گا اور پارہ 44 ڈگری تک جاسکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج کراچی میں درجہ حرارت زیادہ سے زیادہ 38 سے 40 ڈگری سینٹی گریڈ رہے گا، دن بھر مغرب کی جانب سے پندرہ سے تیس کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلیں گی،اور ہوا میں نمی کا تناسب 30 سے 50 فیصد کے درمیان رہنے کا امکان ہے جبکہ ہیٹ ویو کا کوئی امکان نہیں۔
شہر کا موجودہ درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ اور ہوا میں نمی کا تناسب 43 فیصد ہے۔
یاد رہے کہ محکمہ موسمیات نے گزشتہ روز کراچی کے لئے ایک اور ہیٹ ویو الرٹ جاری کیا تھا، جس کے مطابق شدید گرمی کی لہر منگل سے جمعرات تک کراچی کا رْخ کرے گی، 29 سے 31 مئی تک درجہ حرارت 40 سے 44 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔
ہیٹ ویو کے دوران سمندری ہوائیں بند جبکہ شمال اور شمال مغرب کی جانب سے گرم ہوائیں چلیں گی۔
کل سے شروع ہونے والی ممکنہ ہیٹ ویو کے پیش نظرشہر کے مختلف علاقوں میں ہیٹ اسٹروک کیمپ قائم کئے گئے ہیں جبکہ ماہرین نے شہریوں کو دھوپ میں بنا مجبوری کے جانے سے گریز کرنے اور سر کو گیلا رکھنے کا مشورہ دیا ہے۔
ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں ہیٹ ویو کی ایک بڑی وجہ درختوں کی کمی، بڑی بڑی بلڈنگیں اور الودگی ہیں جبکہ شہریوں کا کہنا ہے کراچی میں ہریالی جتنی زیادہ ہوگی سورج کی تپش اتنی ہی کم محسوس ہوگی۔
واضح رہے کہ 18 مئی کو محکمہ موسمیات نے کراچی میں ہیٹ ویو الرٹ جاری کیا تھا ، جس کے بعد کراچی کے شہریوں کو 6 روز تک شدید گرمی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
دوسری جانب ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا تاہم وسطی اور جنوبی علاقوں میں موسم شدید گرم رہنے کا امکان ہے جبکہ لاہور، فیصل آباد، ملتان اور سرگودھا کا موسم شدید گرم اور خشک رہنے کی پیش گوئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مری کا موسم جزوی ابر آلود رہے گا، پشاور اور ڈی آئی خان شدید گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے، مظفرآباد، گلگت بلتستان اور اسکردو میں موسم خشک اور ابرآلود رہے گا۔
گزشتہ روز سب سے زیادہ درجہ حرارت دادو، لسبیلہ، جیکب آباد، سکھراور شہید بینظیر آباد میں 48 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔