پاکستان میں استعمال ہونے والی چینی دوا ساز کمپنی کی تیارکردہ سائینوویک کورونا ویکسین کی ایک اور ملک نے ہنگامی استعمال کی منظوری دے دی۔
خلیجی ممالک، ترکی، ملائیشیا اور دیگر ممالک کے بعد اب چین کی سائینوویک ویکسین نیپال میں بھی استعمال کی جائے گی۔
محکمہ ڈرگ ایڈمنسٹریشن نے سائینوویک کے ہنگامی استعمال کی منظوری دے دی ہے۔ یہ دوسری ویکیسن ہے جو نیپال میں استعمال کی جائے گی۔
ا سے قبل چین کی ہی سائینوفارم ویکسین کو نیپال میں استعمال کی اجازت ملی تھی۔
محکمہ ڈرگ ایڈمنسٹریشن نے متعلق اداروں کو سائینوویک کے استعمال سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے بتایا ہے کہ یہ ویکسین 18 اور اس سے زائد عمر کے افراد کو لگائی جائے گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ سائینوویک کے استعمال کی منظوری ریگولیٹر کی جانب سے چینی کمپنی کے فراہم کردہ ڈیٹا کے مطالعہ مکمل کرنے کے بعد دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ چین نے جولائی 2020 میں سائینوویک کے ہنگامی استعمال کی اجازت دی تھی، اس کے فیز ون اور ٹو کلنیکل ٹرائلز چین میں کیےگئے، جب کہ فیز 3 ٹرائلز لاطینی امریکا، یورپ، ایشیا، برازیل، ترکی، انڈونیشیا، فلپائن میں کیےگئے۔
ترکی کے فیز 3 ٹرائلز میں ویکسین 83.5 فی صد معیاری ثابت ہوئی، انڈونیشیا کے فیز 3 ٹرائلز میں ویکسین 65.3 فی صد معیاری ثابت ہوئی۔
میکسیکو، تیونس، زمبابوے، آذربائیجان، ملائیشیا، سنگاپور، ہانگ کانگ، فلپائن، تھائی لینڈ کرونا ویک ویکسین کی منظوری دے چکے ہیں، انڈونیشیا دسمبر 2020 میں کرونا ویک ویکسین کی پہلی کھیپ درآمد کر چکا ہے، جب کہ سائینو ویک رواں ماہ مختلف ممالک کو ویکسین کی 7 کروڑ ڈوز فراہم کر چکی ہے۔