تازہ ترین

بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کے لیے ایک اور اچھی خبر

کراچی: بیرون ملک پھنسے ہوئے پاکستانیوں کے لیے ایک اور اچھی خبر آ گئی ہے، کرونا وائرس کے پیش نظر پی آئی اے کی ریلیف فلائٹس میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق عالمی پروازوں کی بندش کی وجہ سے بیرون ملک پاکستانی محصور ہو کر رہ گئے ہیں، ان کی وطن واپسی کے لیے پی آئی اے ہفتے سے 13 اپریل تک 6 خصوصی پروازیں آپریٹ کرے گی۔

پی آئی اے اپنے ہم وطنوں کو پاکستان پہنچانے کے لیے بوئنگ 777 طیاروں کا استعمال کرے گی جس سے 500 کے قریب ہم وطنوں کو واپس وطن پہنچایا جائے گا، اس سلسلے میں پی آئی اے نے ریلیف فلائٹ سے متعلق شیڈول بھی جاری کر دیا ہے۔

ترجمان پی آئی اے کے مطابق 10 اپریل کو روانہ ہونے والا پی آئی اے کا طیارہ ڈنمارک سے سفارتی عملے سمیت پاکستانی شہریوں کو واپس لائے گا، 11 اپریل کو آذربائجان کے شہر باکو روانہ ہونے والی خصوصی پرواز 125 پاکستانیوں کو واپس لائے گی۔ 11 اپریل ہی کو روانہ ہونے والی پرواز کوالالمپور سے 16 دن سے پھنسے 175 پاکستانی واپس لائے گی، کوالالمپور کی پرواز جاتے ہوئے ملائیشیا اور سنگاپور کے سفارتی عملے اور شہریوں کو بھی لے کر جائے گی۔

پی آئی اے کی کراچی سےخصوصی چارٹرپروازیں چلانے کی تیاریاں شروع

11 اپریل کو پی آئی اے کی خصوصی پرواز پاکستان سے فرانسیسی شہریوں کو لے کر جائے گی، 12 اپریل کو ریلیف پرواز جاپانی شہری اور ضروری سامان لے کر ٹوکیو روانہ ہوگی، 13 اپریل کو روانہ ہونے والی پرواز تھائی لینڈ میں پھنسے 200 پاکستانیوں کو واپس لائے گی جن میں اداکار و فن کار بھی شامل ہیں جو ایک پاکستانی فلم کی شوٹنگ کے لیے سلسلے میں بنکاک گئے تھے۔

پی آئی اے ترجمان نے کہا ہے کہ ایسے افراد جو ان پروازوں پر جانے کے خواہش مند ہوں اور ابھی تک متعلقہ سفارت خانوں سے رابطہ نہ کیا گیا ہو، وہ فوری طور پر پی آئی اے سے رجوع کریں، اور اگلی پروازوں کا انتظار نہ کریں، اس سلسلے میں پی آئی اے کے کال سینٹر یا دفاتر سے رابطہ کیا جائے۔

Comments

- Advertisement -
محمد صلاح الدین
محمد صلاح الدین
محمد صلاح الدین اے آروائی نیوز سے وابستہ سینئر صحافی ہیں اور ایوی ایشن سے متعلقہ امور کی رپورٹنگ میں مہارت رکھتے ہیں