روس کی تیار کردہ اسپوتنک وی ویکسین کوویڈ 19 کی نئی مہلک اقسام کے خلاف بھی انتہائی کارگر ثابت ہوئی ہے۔
یہ دعویٰ ویکسین تیار کرنے والے انسٹیٹیوٹ گامالیہ ریسرچ سینٹر کی لیبارٹری کے سربراہ ولادی میرگوشین کی جانب سے کیا گیا ہے۔
انہوں نے یقین دہانی کروائی کی اسپوتنک وی نہ صرف کوورنا کی نئی اقسام کے خلاف انتہائی مؤثر ہے بلکہ کورونا کے ڈیلٹا فارم سے بھی نمٹ سکتی ہے۔
ولادی میرگوشین کے مطابق اسپوتنک وی ویکسین کا استعمال چھ ماہ تک وبا سے محفوظ ہونے کی ضمانت دیتا ہے۔
ماہرین کا ماننا ہے کی اسپوتنک وی ویکسین کورونا کی انتہائی مہلک اقسام، وبا کے سنگین خطرات اور ان سے نمٹنے میں صد فیصد گارنٹی دیتا ہے۔
واضح رہے کہ برطانوی طبی جریدے دی لانسیٹ نے روسی ویکسین کے تیسرے مرحلے کے کلینکل ٹرائلز کی رپورٹ شائع کی ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اسپوتنک V انتہائی مؤثر ویکسین ہے جس کی شرح 91 فی صد سے زائد ہے۔
رپورٹ کے مطابق 19 ہزار 866 رضا کاروں کے کلینکل ٹرائلز کے اعداد و شمار، جن میں 4 ہزار 902 افراد پلیسبو گروپ میں شامل تھے، ظاہر کرتے ہیں کہ روسی ساختہ ویکسین کی مجموعی افادیت 91.6 فی صد ہے۔