نارووال: نجی کالج میں زیرِ تعلیم طالبہ نے دوسری منزل سے کود کر خودکشی کی کوشش کی، طالبہ کمپیوٹر سائنس 5 ویں سمسٹر میں ہے۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب کے ضلع نارووال میں واقع ایک نجی کالج میں زیرِ تعلیم طالبہ نے دوسری منزل سے کود کر خودکشی کی کوشش کی۔
پولیس نے بتایا کہ واقعے میں طالبہ شدید زخمی ہو گئی، جسے تشویشناک حالت میں لاہور کے جنرل اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
اسپتال انتظامیہ کے مطابق طالبہ کو سرجیکل ایمرجنسی میں رکھا گیا ہے اور ڈاکٹرز کی ٹیمیں اس کا علاج کر رہی ہیں۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ طالبہ ہوش میں ہے، تاہم اس کے سر کے اگلے حصے کی ہڈی فریکچر ہو چکی ہے۔
ڈی پی او نارووال نوید ملک کے مطابق طالبہ کمپیوٹر سائنس کے پانچویں سمسٹر کی طالبہ ہے تاہم ابتدائی رپورٹ کے مطابق طالبہ نے گھریلو مسائل کے باعث خودکشی کی کوشش کی۔
ڈی پی او کے مطابق طالبہ کے سر پر گہرے زخم آئے ہیں جبکہ ایک ٹانگ بھی ٹوٹ گئی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ طالبہ نے کالج کے دوسرے کیمپس سے آ کر ایک اور بلاک کی دوسری منزل سے چھلانگ لگائی تاہم واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


