تازہ ترین

لاہور میں کرونا وائرس سے ایک اور شخص جاں بحق

لاہور: کرونا وائرس سے جناح اسپتال لاہور میں ایک اور شخص جاں بحق ہو گیا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق لاہور میں ایک اور کرونا وائرس کا مریض جاں بحق ہو گیا ہے، مغل پورہ کے رہایشی 44 سال کے شخص کو 4 روز قبل کوارنٹین سینٹر منتقل کیا گیا تھا۔

ایم ایس جناح اسپتال کا کہنا تھا کہ متاثرہ مریض کا کرونا وائرس ٹیسٹ مثبت آیا تھا، مریض میں کرونا کی شدید علامات تھیں اور وہ مختلف بیماریوں کا شکار تھا۔

محکمہ صحت کے مطابق لاہور میں کرونا وائرس سے جاں بحق افراد کی تعداد 10 ہو گئی ہے، جب کہ پنجاب بھر میں جاں بحق افراد کی تعداد 16 ہو گئی۔ ترجمان محکمہ صحت کے مطابق پنجاب میں کرونا وائرس کے مزید 78 کیسز کی تصدیق ہوئی ہے، جس کے بعد صوبے میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 2108 ہو گئی۔

ترجمان کے مطابق 695 مریضوں کا تعلق زائرین سینٹرز سے ہے، 744 رائے ونڈ سے منسلک افراد ہیں، 58 قیدیوں میں تصدیق ہوئی، جب کہ 744 عام شہری ہیں، اب تک جن میں کرونا وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے۔ زائرین کی تفصیل کے مطابق ڈی جی خان میں 220 زائرین، ملتان میں 457 زائرین، فیصل آباد میں 18 زائرین میں کرونا وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے۔

اسسٹنٹ کمشنر چشتیاں کا کہنا تھا کہ آج 3 سال کی بچی میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، جس کے بعد چشتیاں میں وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 5 ہو گئی، 3 خواتین سمیت 5 افراد کو قرنطینہ سینٹر منتقل کر دیا گیا ہے۔ بھکر کے اسٹنٹ کمشنر کے مطابق آج 11 افراد کے کرونا ٹیسٹ مثبت آئے ہیں جنھیں ڈی ایچ کیو اسپتال بھجوا دیا گیا ہے، قرنطینہ کیے گئے 34 افراد کو ٹیسٹ منفی آنے پر گھر بھیج دیا گیا۔

اسسٹنٹ کمشنر پسرور عامر شہزاد کے مطابق شہر میں کرونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 25 ہو گئی ہے، ایران سے آنے والے 53 زائرین میں سے 18 میں کرونا کی تصدیق ہو گئی ہے، 29 زائرین کی رپورٹ نیگٹو ہے جب کہ 6 کی رپورٹ آنا باقی ہے، خیال رہے کہ ایران سے آئے زائرئن ملتان قرنطینہ سے کلیئر ہو کر پسرور پہنچے تھے۔

Comments

حسن حفیظ
حسن حفیظ
حسن حفیظ ایک نوجوان صحافی ہیں اور اے آر وائی نیوز لاہور کے لئے صحت، تعلیم اور ایوی ایشن سے متعلق خبریں رپورٹ کرتے ہیں