تازہ ترین

ایک اور پاکستانی کرونا وائرس کو شکست دینے میں کامیاب

اسلام آباد: ایک اور پاکستانی کرونا وائرس کو شکست دینے میں کامیاب ہو گیا، ذرایع کا کہنا ہے کہ پمز اسپتال میں زیرعلاج کرونا کا ایک مریض صحت یاب ہو گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پمز میں زیر علاج مریض کا کرونا ٹیسٹ نیگیٹیو آ گیا، جس کے بعد مریض کو اسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا، ذرایع کا کہنا ہے کہ گزشتہ 2 ہفتوں میں مریض کے 4 کرونا وائرس ٹیسٹ کیے گئے، پہلا ٹیسٹ منفی، دوسرا مثبت، تیسرا، چوتھا ٹیسٹ منفی نکلا۔

بتایا گیا کہ کرونا سے صحت یاب ہونے والے مریض کی عمر 61 برس ہے اور ان کا تعلق گلگت بلتستان کے علاقے اسکردو سے ہے، مریض کی ٹریولنگ ہسٹری بھی رہی، 2 ہفتے سعودی عرب، دو ہفتے عراق، ایران میں قیام کیا تھا، 23 فروری کو پاکستان پہنچا تھا، 25 فروری کو پمز اسپتال منتقل کیا گیا جب کہ 26 فروری کو کرونا کی تصدیق ہوئی تھی۔

کرونا کا وار، پاکستان میں 2 اموات کی تصدیق، متاثرہ افراد کی تعداد 292 تک پہنچ گئی

خیال رہے کہ کرونا وائرس سے اب تک پاکستان میں 4 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں، جن میں سے دو کراچی میں اور دو اسلام آباد میں صحت یاب ہوئے۔

گزشتہ روز معاونِ خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کرونا وائرس سے 2 پاکستانیوں کی موت کی تصدیق کی ہے، پاکستان بھر میں رپورٹ ہونے والے کیسز کی مجموعی تعداد اضافے کے بعد 292 تک پہنچ چکی ہے۔ مرنے والے ایک شخص کا تعلق مردان سے تھا جو حال ہی میں عمرہ ادائیگی کے بعد وطن واپس پہنچا تھا۔ متاثرہ شخص کو کھانسی، بخار اور سانس لینے میں دشواری کا سامنا تھا، اُس کا ٹیسٹ بھی مثبت آیا تھا۔ کرونا سے مرنے والے دوسرے شخص کا تعلق خیبر پختون خواہ کے علاقے ہنگو سے تھا۔

Comments

- Advertisement -