کراچی :پی آئی اے کا ایک اور فضائی میزبان ٹورنٹو میں لاپتہ ہوگیا، جس کے بعد لاپتہ مرد و خواتین فضائی میزبانوں کی تعداد 14 ہو گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کا ایک اور فضائی میزبان ٹورنٹو پہنچ کر مبینہ طور پر لاپتہ ہوگیا، نور شیراسلام آباد سے ٹورنٹو کی پرواز نمبر پی کے سیون ایٹ ون پر تعینات تھا۔
نور شیر کے لاپتہ ہونے کا علم واپسی کی پرواز کے لئے رپورٹ نہ کرنے پر ہوا، جس کے بعد پی آئی اے کے ٹورنٹو میں لاپتہ مرد و خواتین فضائی میزبانوں کی تعداد چودہ ہو گئی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ لاپتہ فضائی میزبانوں نے کینیڈا میں مبینہ طور پر سیاسی پناہ کیلئے درخواست دے رکھی ہے۔
ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ موجودہ واقعہ سے پہلے لاپتہ تمام فضائی میزبانوں کو ملازمت سے برطرف کر دیا گیا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ نور شیر کے حوالے سے بھی محکمانہ کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے، حنا ثانی نامی میزبان کی تعیناتی سے متعلق کمیٹیوں کی رپورٹ کا انتظار ہے۔