اے این پی نے وزیراعظم شہباز شریف کے عشائیے میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، سینیٹروں کے اعزاز میں آج عشائیہ دیا جائے گا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق سینیٹروں کے اعزاز میں وزیراعظم ہاؤس میں عشائیہ دیا جائے گا جس میں عوامی نیشنل پارٹی شرکت نہیں کرے گی، ذرائع کا کہنا ہے کہ اے این پی کو چند آئینی ترامیم پر اعتراض ہے۔
عوامی نیشنل پارٹی کے اعوان بالا میں تین سینیٹرز ہیں، پارٹی کی جانب سے خیبرپختونخوا کا نام تبدیل کرنے کی ترمیم بھی کمیٹی میں پیش کی گئی ہے۔
مزید پڑھیں: سینیٹ سے 27ویں ترمیم کی منظوری، وزیراعظم نے اتحادی جماعتوں کے سینیٹرز کو مدعو کرلیا
اے این پی نے 27 ویں آئینی ترمیم کے مسودے میں اپنی جانب سے خیبرپختونخوا کے نام سے خیبر ہٹا کر پختونخوا رکھنے کی ترمیم پیش کی ہے اور مؤقف رکھا ہے کہ خیبر ضلع ہے اور دیگر صوبوں میں نام کے ساتھ ضلع کا نام نہیں لکھا جاتا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مشترکہ پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں حکومتی اتحادی جماعتوں کی جانب سے 3 مزید ترامیم پیش کی گئی ہیں، جن میں اے این پی، بی این پی اور ایم کیو ایم شامل ہیں۔


