لاہور : اے این پی سیکرٹری جنرل میاں افتخار حسین کا کہنا ہے کہ اعظم سواتی کیساتھ جو ہوا اللہ کسی دشمن کو بھی یہ دن نہ دکھائے۔
تفصیلات کے مطابق اے این پی سیکرٹری جنرل میاں افتخار حسین نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اےاین پی نے عمران خان پر حملےکی مذمت کی ہے، عمران خان پر حملے کی شفاف تحقیقات ہونی چاہیے۔
میاں افتخار حسین کا کہنا تھا کہ ہم سیاست میں تشدد بالکل نہیں چاہتے، عمران خان نے اپنے اوپر حملہ کو خود متنازع بنا دیا ہے، زرات یا تو دستی بم کے ہوتے ہیں یا خودکش حملہ کے، عمران خان کو مشورہ دینے والا کوئی ہے نہیں اور ہمارا مشورہ وہ سنتا نہیں۔
اے این پی سیکرٹری جنرل نے کہا کہ مذاکرات سے ہی راستہ نکالا جاسکتا ہے مگر عمران خان نے انکار کیا، ایک سیٹ سے لاکر عمران خان کو وزیراعظم بنادیا گیا۔
ارشد شریف قتل کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ارشدشریف قتل کی تحقیقات کیلئے کینیا جانیوالی ٹیم آج واپس آرہی ہے، ان کے قتل میں جو بھی ملوث ہوقرارواقعی سزا دی جائے۔
اعظم سواتی کے معاملے پر میاں افتخار حسین نے کہا کہ اعظم سواتی کیساتھ جو ہوا اللہ کسی دشمن کو بھی یہ دن نہ دکھائے، یہ واقعہ سچ ہے تو اس کی غیر جانبدارانہ تحقیقات ہونی چاہیے۔
اے این پی رہنما کا کہنا تھا کہ کرسی اور عہدہ چھین لو مگر عزت نا چھینو، ویڈیو بنا کرکسی کی زندگی اجیرن نہیں بنانی چاہیے، ملک میں جمہوریت کا مستقبل تابناک دیکھ رہا ہوں۔