کراچی : حکومت سندھ نے کراچی میں غیرقانونی عمارتوں، تجاوزات اور پانی چوروں کیخلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کرتے ہوئے حمکت عملی مرتب کرلی۔
اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ چیف سیکریٹری سندھ ڈاکٹر محمد سہیل راجپوت کی زیرصدارت اجلاس ہوا جس میں سندھ حکومت نے تجاوزات اور پانی چوروں کو سخت سزائیں دینے کی حکمت عملی اختیار کرلی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکریٹری سندھ نے بتایا کہ کراچی شہر میں غیر قانونی عمارتوں اور تجاوزات کے ذمہ داروں کے خلاف آپریشن کرتے ہوئے سخت کارروائی کی جائے گی۔
ایس بی سی اے کے کا کہنا ہے کہ کراچی میں اس وقت 6ہزارسے زائد غیرقانونی عمارتیں ہیں، چیف سیکریٹری سندھ نےغیرقانونی عمارتوں کی رپورٹ طلب کرلی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی سے منظور شدہ عمارتوں پر کیو آرکوڈ لگایا جائے گا، کیو آرکوڈ ہرتعمیر ہونے والی بلڈنگ کے سامنے آویزاں کیا جائے گا۔
اس کے علاوہ اجلاس میں کراچی کے ضلع ویسٹ سے پانی کی چوری کےخلاف آپریشن کا فیصلہ کیا گیا, صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ نے بتایا کہ کراچی میں سب سے زیادہ پانی ضلع ویسٹ میں چوری کیا جارہا ہے
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکریٹری سندھ نے کہا کہ تجاوزات کے خاتمے کیلئے اینٹی انکروچمنٹ فورس کو مزید عملہ اور اختیارات دیے جائیں گے۔