نئی دہلی (28 نومبر 2025): دوسری شادی کرنے پر 10 سال قید کی سزا اور دیگر پابندیوں کا بل منظور کر لیا گیا۔
انڈین میڈیا کے مطابق بھارت کی ریاست آسام کی اسمبلی نے ’آسام پروہیبیشن آف پولیگمی بل 2025‘ منظور کیا جس کا مقصد ازدواجی ذمہ داری کو مضبوط بنانا اور خواتین کے حقوق کا تحفظ کرنا ہے۔
یہ قانون ریاست میں ایک سے زیادہ شادیاں کرنے کے خلاف سب سے سخت قانونی فریم ورکس میں سے ایک قرار دیا جا رہا ہے۔
اسمبلی میں ونٹر سیزن اجلاس کے پہلے ہی دن حکومتی رکن کی جانب سے پیش کیے گئے اس بل کا مقصد پہلی شادی کو قانونی طور پر ختم کیے بغیر دوسری شادی کرنے کو جرم قرار دینا ہے۔
بل میں اُن افراد کیلیے 10 سال تک قید کی سزا تجویز کی گئی ہے جو اپنی پہلی شادی کو چھپاتے ہیں یا اسے ختم کیے بغیر دوسری شادی کر لیتے ہیں۔ بار بار جرم کرنے والوں کو دوگنی سزا دی جائے گی۔
شادی کروانے والے کو 1.5 لاکھ روپے تک جرمانہ کیا جائے گا جبکہ جو افراد حکام سے جان بوجھ کر معلومات چھپائیں انہیں 2 سال تک قید اور 1 لاکھ روپے تک جرمانہ ہو سکتا ہے۔
اس میں واضح کیا گیا کہ یہ قانون سکسٹ شیڈول کے علاقوں اور قبائلی برادریوں پر لاگو نہیں ہوگا۔
کانگریس، اے آئی یو ڈی ایف، سی پی آئی (ایم) اور رائجور دل نے بل میں متعدد ترامیم کی تجویز دی اور مطالبہ کیا کہ اسے سلیکٹ کمیٹی کے حوالے کیا جائے۔
طویل بحث و مباحثے کے بعد وزیرِ اعلیٰ کی متعدد معاملات پر یقین دہانی کے بعد کانگریس اور رائجور دل نے اپنی ترامیم کی درخواست واپس لے لی جبکہ اے آئی یو ڈی ایف اور سی پی آئی (ایم) نے اپنی درخواستیں واپس لینے سے انکار کر دیا۔


