کراچی : اینٹی وائلنٹ اینڈ کرائم سیل اسپیشلائزڈ ٹیم نے سرجانی سے اغوا ہونے والے بچے کو بازیاب کراتے ہوئے 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے پہلوان گوٹھ میں اینٹی وائلنٹ اینڈ کرائم سیل اسپیشلائزڈ ٹیم نے آپریشن کیا۔
آپریشن کے دوران سرجانی سے اغوا ہونے والے بچے کو بازیاب کراتے ہوئے اغواء برائے تاوان میں ملوث 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
ملزمان کے قبضے سے ہتھیار اور تاوان میں استعمال موبائل برآمد ہوا۔
ایس ایس پی اے وی سی سی امجد حیات نے بتایا کہ آپریشن کے دوران سرجانی سے اغواء ہونے والا بچہ بازیاب کرالیا گیا ہے ، مغوی عبداللہ 13 ستمبرکو سرجانی سیکٹر 4 اے سے اغواء ہوا تھا۔
امجد حیات کا کہنا تھا کہ اغواء کار بچے کو موٹرسائیکل پر ساتھ لے گئے تھے اور مغوی عبداللہ کو اغواء کے بعد پہلوان گوٹھ کے فلیٹ میں رکھا گیا تھا۔
ایس ایس پی اے وی سی سی نے کہا کہ ملزمان نے 14 ستمبر کو فون کر کے 30 لاکھ تاوان مانگا تاہم کل شام ملزمان کی جانب سے تاوان کی دوسری کال آئی، اسپیشلائزڈ ٹیم ٹیکنیکل بنیادوں پر مسلسل کام کر رہی تھی۔