ٹوکیو: جاپان نے دو مختلف ادویات کے ذریعے تیار کردہ مرکب سے کورونا کے علاج کا منصوبہ بنایا ہے۔
تفصیلات کے مطابق جاپان میں کووِڈ 19 کا علاج دو مختلف ادویات کے مرکب سے کیا جائے گا، یہ مرکب ان پر استعمال کیا جائے گا جو کورونا کے سنگین مریض نہ ہوں۔
ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ’اینٹی باڈی کاک ٹیل علاج‘ کہلانے والا مرکب دو ادویات سے مل کر بنا ہے، اس سے ان مریضوں کا علاج ہوگا جن میں وائرس کی سنگین علامات نہیں پائی جاتی ہیں۔
جاپانی حکومت اس طریقہ علاج کو ملک بھر میں قابل رسائی بنانے کی کوشش کررہی ہے۔ ذہن نشین رہے کہ جاپان میں اس علاج کی گزشتہ ماہ اجازت دی گئی تھی۔
یہ مرکب آئی وی ڈرپ کے ذریعے مریض کو دیا جاتا ہے۔ حکومت ان اسپتالوں میں اس دوا کی ترجیحی بنیاد پر استعمال کا ارادہ رکھتی ہے جہاں ہنگامی حالت نافذ ہے۔
اینٹی باڈی کاک ٹیل کا استعمال رواں ماہ کے وسط سے جاری ہے، ابتدائی طور پر اسپتال میں زیر علاج مریضوں کو یہ دوا دی گئی۔ جبکہ ہوٹلوں کے عارضی طبی سہولیات والی جگہوں پر بھی کئی افراد کو یہ مرکب دیا گیا۔ ٹوکیو اور فوکُواوکا کے ہوٹلوں میں روبہ صحت مریض پہلے ہی یہ دوائیں لے رہے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ علاج ان مریضوں کو بھی فراہم کیا جانا چاہیے جو گھروں میں الگ تھلگ رہ رہے ہیں تاہم حکومت اس حوالے سے محتاط بھی ہے۔