کولون: جرمنی کے شہر کولون میں دنیا بھر میں خوراک اور مشروبات کی سب سے بڑی نمائش ’انوگا 2023‘ کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے۔
7 اکتوبر سے 11 اکتوبر تک چلنے والی اس نمائش میں دنیا کے 100 ممالک کی 7 ہزار سے زائد کمپنیاں اپنی مصنوعات پیش کر رہی ہیں، جن میں پاکستانی کمپنیاں بھی شامل ہیں۔
انوگا 2023 میں دنیا کے 170 کے قریب ممالک سے 70 ہزار خریداروں کی آمد متوقع ہے، نمائش میں ٹریڈ ٹولپمنٹ اتھارٹی کے تعاون سے جرمنی میں تعینات ٹریڈ آفیسر آمنہ بٹ کی کاوشوں سے پاکستان کا بھی ایک بڑا پویلین بنایا گیا ہے۔
دو مختلف حصوں میں پھیلے ہوئے اس پویلین میں پاکستان سے 37 کمپنیاں شریک ہیں، جس میں اکثریت چاول کے تاجروں کی ہے۔ پاکستان یورپ کو اس وقت 4 لاکھ ٹن کے قریب باسمتی چاول فراہم کر رہا ہے۔
اس سلسلے میں دنیا کی سب سے بڑی مانی جانے والی اس نمائش میں خوراک کی کمپنیوں کے 10 مختلف سیگمنٹس ایک ہی چھت تلے فراہم کیے جا رہے ہیں، جب کہ حلال مارکیٹ سمیت مختلف ٹرینڈز بھی اس نمائش کا موضوع ہیں۔