The news is by your side.

Advertisement

‘مچھ واقعے میں جو بھی ملوث ہوا وہ بچ نہیں پائے گا’

کوئٹہ: بلوچستان حکومت کے ترجمان لیاقت شاہوانی نے ملک دشمن عناصر کو خبردار کیا ہے کہ مچھ واقعے میں جو بھی ملوث ہوا وہ بچ نہیں پائے گا۔

تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں لیاقت شاہوانی کا کہنا تھا کہ ملزمان کو پکڑکر انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا، بلوچستان سے دہشت گردی کو تقریباً ختم کردیا گیا ہے۔

انہوں نے اعتراف کیا کہ عوام کوسیکیورٹی فراہم کرنے کی ذمےداری حکومت کی ہے۔

11 کان کنوں کا قتل : سانحہ مچھ کا مقدمہ نامعلوم افراد کے خلاف درج

ترجمان کا کہنا تھا کہ ہمارے دشمنوں کو بلوچستان میں امن گوارہ نہیں ہے، بلوچستان میں ترقی کا عمل جاری ہے، وزیراعظم نے بلوچستان کے جنوبی اضلاع کے لیے600ارب کے پیکج کا اعلان کیا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم اس طرح کی سازشوں کو ناکام بناتے رہے ہیں۔

یاد رہے ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب بلوچستان کے علاقے مچھ نامعلوم دہشت گردوں نے ڈیرے میں سوئے 11 کان کنوں کو پہلے یرغمال بنایا، پھر ان کے ہاتھ پاؤں باندھ کر قتل کردیا تھا، جاں بحق کان کنوں کا تعلق کوئٹہ سے تھا۔

Comments

یہ بھی پڑھیں