کراچی : کور کمانڈر کراچی اور ڈی جی رینجرز نے سندھ اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں آخری بار شرکت کی۔ دونوں شخصیات کو سندھی ٹوپی اوراجرک کا تحفہ پیش کیا گیا۔ صوبائی مشیر اطلاعات مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ ڈی جی رینجرز نے ہمیں دوست بنالیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی آپریشن کے کپتان وزیراعلٰی مراد علی شاہ کی صدارت میں ایپکس کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ کور کمانڈراور ڈی جی رینجرز کا یہ الوداعی اجلاس تھا۔
اجلاس میں کورکمانڈر اورڈی جی رینجرز کی خدمات کو سراہا گیا، وزیراعلیٰ سندھ نے کور کمانڈر نوید مختار اور ڈی جی رینجرز بلال اکبر کو اجرک اور سندھی ٹوپی کا تحفہ دیا۔ اس موقع پر کور کمانڈر نے بھی وزیراعلیٰ سندھ کو تحائف پیش کیے۔
اجلاس میں مشیر اطلاعات مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ میجر جنرل بلال اکبر نے اپنے رویے سے ہمیں دوست بنا لیا ہے۔ لیفٹننٹ جنرل نوید مختار پر اجرک اورسندھی ٹوپی اچھی لگتی ہے۔
مزید پڑھیں : سندھ ایپکس کمیٹی کا اہم اجلاس آج وزیراعلیٰ ہاؤس میں ہو رہا ہے
اجلاس کی صورت حال بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے تک کراچی آپریشن جاری رہے گا، ایپکس کمیٹی کےاجلاس کی صدارت گورنرسندھ کی جگہ وزیراعلٰی نے کی۔ یاد رہے کہ گورنر سندھ سعید الزماں صدیقی اپنی تقرری کے بعد سے تاحال زیرعلاج ہیں۔