لاہور : وزیراعلیٰ مریم نواز کے فلیگ شپ پروجیکٹ ’’اپنی چھت اپنا گھر‘‘پروگرام کو اقوام متحدہ کے اسکرول آف آنر ایوارڈ کیلئے منتخب کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے فلیگ شپ پروجیکٹ "اپنی چھت، اپنا گھر” نے عالمی سطح پر بڑا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔
اقوام متحدہ کے ادارے ‘یونائیٹڈ نیشن ہیبی ٹیٹ’ کی جانب سے اس منصوبے کو دنیا کے 5 کامیاب ترین ہاؤسنگ پروگراموں میں شمار کرتے ہوئے معتبر "اسکرول آف آنر ایوارڈ” کے لیے منتخب کر لیا گیا ہے۔
اقوام متحدہ کی جانب سے ہر سال دنیا بھر سے بلا تفریق صرف 5 بہترین اور موثر پروگراموں کو اس عالمی اعزاز کے لیے نامزد کیا جاتا ہے۔
"اپنی چھت، اپنا گھر” پروگرام کو کم آمدن والے طبقے اور بے گھر خاندانوں کو انتہائی آسان شرائط پر مناسب رہائش کے مواقع فراہم کرنے کی بہترین کاوشوں پر اس ایوارڈ کے لیے چنا گیا ہے۔
عالمی تقریب کا انعقاد 5 اکتوبر کو ‘ورلڈ ہیبی ٹیٹ ڈے’ کے موقع پر مسقط (سلطنتِ عمان) میں ہوگا، جہاں حکومتِ پنجاب کو باقاعدہ طور پر اس ایوارڈ سے نوازا جائے گا۔


