امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے آئی فون17 ای متعارف کرا دیا ہے، کمپنی کی جانب سے اسے نسبتاً کم قیمت ماڈل کے طور پر پیش کیا گیا ہے۔
آئی فون17 ای ماڈل گزشتہ برس متعارف کیے گئے 16 ای سے کافی حد تک مشابہ ہے اس نئی ڈیوائس میں اپ ڈیٹڈ چِپ اور بہتر وائر لیس چارجنگ سمیت ہارڈویئر میں بہتری شامل ہے۔
کم قیمت ہونے کے باوجود یہ ڈیوائس ایپ کے اپ ڈیٹڈ فیچر کو باآسانی چلا سکے گی۔ آئی فون 17ای میں 6.1 انچ کا او ایل ای ڈی ڈسپلے دیا گیا ہے جس کی ریزولوشن 2532 × 1170 پکسلز اور ریفریش ریٹ 60 ہرٹز ہے۔ اسکرین میں بدستور نوچ ڈیزائن برقرار رکھا گیا ہے، جس میں فیس آئی ڈی سسٹم اور فرنٹ کیمرا نصب ہیں۔
ایپل ڈاٹ کام کے مطابق کمپنی نے اس بار اسکرین کے تحفظ کے لیے سیرا مِک شیلڈ ٹو گلاس متعارف کرایا ہے، یہ ڈیوائس بلیک، وائٹ اور نئے سافٹ پنک رنگ میں دستیاب ہوگی۔ فون کو گردوغبار اور پانی سے بچاؤ کے لیے آئی پی 68 ریٹنگ حاصل ہے۔
آئی فون 17e میگ سیف کے ذریعے 15 واٹ وائرلیس چارجنگ کی سہولت دیتا ہے جبکہ وائرڈ چارجنگ بھی پہلے سے تیز رفتار ہے۔
رپورٹ کے مطابق قیمت کے حوالے سے 256 جی بی ماڈل کی ابتدائی قیمت 599 امریکی ڈالر مقرر کی گئی ہے، جبکہ 512 جی بی ورژن 799 ڈالر میں دستیاب ہوگا۔
نئے آئی فون17 ای کا اعلان ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب کمپنی کے لیے مصنوعات کی رونمائی کا ایک مصروف ہفتہ شروع ہو رہا ہے، اور توقع کی جا رہی ہے کہ کمپنی اپڈیٹ شدہ میک بک سمیت دیگر ڈیوائسز بھی متعارف کرائے گی۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں




