تازہ ترین

ایپل کا نیا ماحول دوست دفتر

کیلیفورنیا: معروف ٹیکنالوجی کمپنی ایپل کے نئے دفتر ایپل پارک کا تعمیری کام لگ بھگ مکمل ہوچکا ہے اور ایک ماہ بعد اسے فعال کرنے پر کام شروع کردیا جائے گا۔

امریکی ریاست کیلیفورنیا میں واقع اس دفتر کا رقبہ 175 ایکڑ ہے اور یہاں ایپل کے 12 ہزار ملازمین کام کریں گے۔ گول دائرے کی شکل میں بنے اس دفتر میں متعدد عمارتیں اور پارک موجود ہیں۔

3

2

دفتر میں تھیٹر بھی بنایا گیا ہے جسے ایپل کے بانی اسٹیو جابز کے نام سے منسوب کیا جائے گا۔ دفتر میں تھیٹر کے ساتھ فٹنس سینٹر، پارک، اور ورزش کے لیے دوڑنے کے ٹریک بھی موجود ہوں گے۔

1

ایپل کا یہ دفتر ماحول دوست بھی ہے۔ یہاں مختلف اقسام کے 9 ہزار درخت لگائے گئے ہیں۔ ایپل پارک میں قائم دفاتر و عمارات قابل تجدید توانائی کے ذرائع استعمال کریں گی جن کے لیے اس کی پوری چھت پر شمسی توانائی کے پینلز لگائے گئے ہیں۔

4

ایپل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ٹم کک کا کہنا ہے کہ اس دفتر کو بنانے کا خیال اسٹیو جابز نے اپنی زندگی میں دیکھا تھا جو اب ان کی موت کے 5 برس بعد پایہ تکمیل تک پہنچا ہے۔

ایپل پارک میں اگلے ماہ سے ملازمین اور دیگر سیٹ اپ کی منتقلی کا عمل شروع کردیا جائے گا جس میں 6 ماہ کا عرصہ لگے گا۔

Comments

- Advertisement -