(8 جولائی 2026): وہ افراد جو ایپل کے فولڈ ایبل موبائل فون کا شدت سے انتظار کر رہے ہیں ان کے لیے خوشخبری ہے کہ لانچنگ کی ممکنہ تاریخ اور قیمت سامنے آ گئی ہے۔
ایپل ٹیکنالوجی کی دنیا کا معروف نام ہے اور اس کے آئی موبائل فون دنیا بھر میں صارفین کی پہلی ترجیح ہوتے ہیں۔ ایپل نے جب سے فولڈ ایبل موبائل فون بنانے کا اعلان کیا تھا، تب سے اس کا شدت سے انتظار کیا جا رہا تھا، لیکن اب یہ انتظار ختم ہونے جا رہا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایپل رواں سال ستمبر میں اپنے نئے فولڈ ایبل آئی فون کی رونمائی کر سکتا ہے، تاہم اس کے ساتھ ہی بُری خبر یہ ہے کہ محدود پیداوار کے باعث بیشتر صارفین کو شاید یہ ڈیوائس 2027 تک دستیاب نہ ہو سکے۔
رپورٹ کے مطابق ایپل کا پہلا فولڈ ایبل فون’’آئی فون الٹرا‘‘ کے نام سے متعارف کرائے جانے کا امکان ہے جب کہ اس فون میں 5.5 انچ کی بیرونی اسکرین جبکہ فولڈ کھولنے پر 7.8 انچ کی بڑی ڈسپلے ہوگی۔
رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے رپورٹ کیا گیا ہے کہ فولڈ ایبل آئی فون کی متوقع قیمت 2300 سے 2500 امریکی ڈالر (تقریباً 6 لاکھ 44 ہزار 7 لاکھ پاکستانی روپے) کے درمیان ہو گی، جو اس کو ایپل کی تاریخ کا سب سے مہنگا آئی فون بنا دے گی۔
اس حوالے سے معروف صنعتی تجزیہ کار منگ چی کوو کا اہم تجزیہ بھی سامنے آیا جس میں ان کے مطابق سپلائی چین میں محدود اسٹاک کے باعث امکان ہے کہ ایپل نئے آئی فون کی رونمائی تو ستمبر میں کر دے۔ تاہم، اس کی پری آرڈر بکنگ اور باقاعدہ فروخت کچھ عرصے بعد شروع کی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ فولڈ ایبل آئی فون کی صورتحال 2017 میں متعارف کرائے گئے آئی فون ایکس سے ملتی جلتی ہو سکتی ہے، جس کا اعلان تو مقررہ وقت پر کیا گیا تھا، لیکن فروخت بعد میں شروع ہوئی تھی۔


