لاہور (15 جنوری 2026): پنجاب میں نئے سرکاری کالجز کے قیام پر عملدرآمد شروع ہو گیااور 7 نئے کالجوں کے قیام کی منظوری دے دی گئی ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے تعلیمی وژن کے تحت نئے سرکاری کالجز کے قیام پر عملی پیش رفت شروع ہو گئی ہے اور صوبے میں 7 نئے کالجز کے قیام کی منظوری دے دی گئی ہے۔ ان منصوبوں پر 2 ارب 37 کروڑ 24 لاکھ روپے لاگت آئے گی۔
گزشتہ سال 15 ستمبر 2025 کے اجلاس میں 22 نئے کالجز کے قیام کی منظوری دی گئی تھی اور پی سی ون کے تحت ابتدائی مرحلے میں 7 نئے سرکاری کالجز کو ترجیح دی گئی۔ ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے تحت یہ سات نئے کالجز ترجیحی بنیادوں پر قائم کیے جائیں گے۔
موجودہ مالی سال کے دوران منصوبے کے لیے 2 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں جب کہ بقیہ 37 کروڑ 24 لاکھ روپے آئندہ مالی سال 27-2026 میں جاری کیے جائیں گے۔
یہ سات نئے سرکاری کالجز مظفرگڑھ، ڈی جی خان، خانیوال، جڑانوالہ، حافظ آباد، سرگودھا اور پتوکی میں بنائے جا رہے ہیں جب کہ اگلے مرحلے میں لاہور، میلسی، بہاولپور، رحیم یار خان اور ننکانہ صاحب میں بھی نئے کالجز قائم ہوں گے۔
نئے کالجز کے قیام کے فیز ون کے منصوبے کی تکمیل کی مدت جون 2027 مقرر کی گئی ہے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


