اسلام آباد: مسلح افواج کے 9 افسروں کی سول سروس میں شمولیت کی منظوری دے دی گئی، تینوں مسلح افواج سے امیدوار نفسیاتی و زبانی امتحان میں کامیاب قرار پائے۔
تفصیلات کے مطابق فیڈرل پبلک سروس کمیشن (ایف پی ایس سی) نے مسلح افواج کے 9 افسران کی سول سروس میں شمولیت کی منظوری دے دی، جس کی باضابطہ تفصیلات بھی جاری کردی گئی ہیں۔
ایف پی ایس سی نے بتایا کہ تینوں مسلح افواج سے تعلق رکھنے والے 9 امیدوار نفسیاتی اور زبانی امتحان میں کامیاب قرار پائے، جنہیں مسابقتی امتحان 2025 کے تحت مختلف سروس گروپس میں شامل کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔
پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس (PAS) میں 5، پولیس سروس آف پاکستان (PSP) میں 2 جبکہ فارن سروس آف پاکستان میں 2 افسران کی شمولیت کی منظوری دی گئی ہے۔
بری فوج سے تعلق رکھنے والے کیپٹن سید عتیق الرحمان اور کیپٹن سید تیمور علی کو پولیس سروس میں شامل کرنے کی منظوری دی گئی۔
کیپٹن سید شہریار خان، کیپٹن اسامہ مجتبیٰ اور کیپٹن حیدر علی کو پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس میں شامل کیا گیا ہے، جبکہ کیپٹن شیراز احمد کی فارن سروس آف پاکستان میں شمولیت کی منظوری دی گئی۔
پاک فضائیہ سے فلائٹ لیفٹیننٹ آصفہ علی مسعود کو فارن سروس آف پاکستان جبکہ فلائٹ لیفٹیننٹ اسامہ احمد کو پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس میں شامل کیا گیا ہے۔
پاک بحریہ سے تعلق رکھنے والے لیفٹیننٹ ایاز حسین کی بھی پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس میں شمولیت کی منظوری دی گئی ہے۔
ایف پی ایس سی کے مطابق کامیاب امیدواروں کی مسابقتی امتحان 2025 میں انڈکشن کردی گئی ہے۔


