اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے پشتون تحفظ موومنٹ کے دو ارکان قومی اسمبلی محسن داوڑ اور علی وزیر کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالنے کی منظوری دے دی۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی ایم کے دو ارکان اسمبلی کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کی منظوری دے دی گئی ہے، دوسری جانب اراکین قومی اسمبلی نے نام ای سی ایل میں شامل کرنے پر تحریک استحقاق جمع کرادی ہے۔
محسن داوڑ اور علی وزیر نے موقف اختیار کیا ہے کہ جس مقدمے کو بنیاد بنا کر نام ای سی ایل میں شامل کیا گیا ہے اس مقدمے میں ان کی ضمانت ہوچکی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ اگر ایف آئی آر میں نام ہونے کو بنیاد بنا کر ان کا نام ای سی ایل میں شامل کیا گیا ہے تو پھر دیگر ارکان اسمبلی کا نام بھی ای سی ایل میں شامل کیا جائے کیونکہ ان کے خلاف بھی مقدمات درج ہیں۔
مزید پڑھیں: ایف آئی اے نےمحسن داوڑ اور علی وزیر کو بیرون ملک جانے سے روک دیا
محسن داوڑ اور علی وزیر کا نام ای سی ایل میں شامل کیے جانے کے بارے میں وزارت داخلہ کے خصوصی سیکریٹری ڈاکٹر عامر نے انسانی حقوق سے متعلق سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کو بتایا۔
وزارت داخلہ کے خصوصی سیکریٹری نے قائمہ کمیٹی کو یہ نہیں بتایا کہ کابینہ کے کون سے اجلاس میں ان دونوں کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کی منظوری دی تھی۔
وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی نے قائمہ کمیٹی کو بتایا کہ جب ریاست کے اداروں کو چیلنج کیا جائے گا تو حکومت کوئی بھی اقدام اُٹھانے سے دریغ نہیں کرے گی۔