وزیراعظم کا 16دسمبر قومی یومِ عزم تعلیم کے طور پر منانے کا اعلان -
The news is by your side.

Advertisement

وزیراعظم کا 16دسمبر قومی یومِ عزم تعلیم کے طور پر منانے کا اعلان

پشاور : سانحہ شہدا کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھنے کیلئے وزیراعظم نوازشریف نے سولہ دسمبر کو قومی عزم تعلیم کے طورپر منانے کا اعلان کیا، انھوں نے کہا کہ پشاور کے سانحے نے پوری قوم کو ہلاکر رکھ دیا، وطن عزیزکی سرزمین کو دہشت گردوں سے پاک کرکے دم لیں گے.

سانحہ اے پی ایس میں جاں بحق ہونے والوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے مرکزی تقریب آرمی پبلک اسکول میں منعقد ہوئی، جس میں سول و عسکری قیادت نے شرکت کی۔

پشاور میں سانحہ اے پی ایس کے شہدا‌ء کی یاد میں مرکزی تقریب میں وزیراعظم نواز شریف نے شہید بچوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ 16 دسمبر کے دن کو قومی یوم عزم تعلیم کے طور پر منایا جائے گا،انھوں نے کہا کہ علم کی شمع بھجانے والوں کے وجود کو ختم کردیں گے اب بارود کا دھواں نہیں ہوگا، اتفاق اور ہم آہنگی کے دیے جلیں گے۔

وزیراعظم نواز شریف نے آرمی پبلک شہداء یونیورسٹی کے قیام کا بھی اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ننھے شہداء نے قوم کو اتحاد کی لڑی میں پرو دیا ہے، 16دسمبر کے واقعے سے رہنمائی لیں گے، شہید خون نے پاکستانی معاشرے کی حیثیت بدل دی، شہداء کے لہو نے مستقبل کاراستہ متعین کیا، سانحہ پشاور تاریخ کا حصہ بن گیا ہے 16دسمبر کو مستقبل سے منسلک کریں گے.

نواز شریف کا کہنا تھا کہ آپریشن ضرب عضب کے ہر سپاہی کے دل میں شہید بچوں کا لہو بول رہا ہے، آپریشن ضرب عضب میں دہشت گردوں کی کمر توڑ دی ہے، دہشت گردوں کے ٹھکانے تباہ ہوچکے ہیں اور اب وہ دن دور نہیں جب دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ہوجائے گا۔

انھوں نے کہا کہ شہید بچوں کے ایک ایک خون کے قطرے کا حساب لیں گے، اور یہ بچے ہمارے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ شہید بچوں کے لہو نے ہمیں ایک فیصلہ کن نتیجے پر پہنچایا ہے، اپنی سرزمین کو دہشتگروں سے پاک کرکے دم لیں گے۔

انھوں نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے، دہشت گردی پر فیصلہ کن ضرب لگانے اور معصوم بچوں کی جانیں لینے والوں کو عبرت ناک سزا دینے کا فیصلہ کیا گیا۔

Comments

comments

یہ بھی پڑھیں