ریاض(19 مارچ 2026): اسلامی ممالک نے ایران سے ہمسایہ ممالک کیخلاف حملے فوری روکنے کا مطالبہ کردیا۔
سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں منعقدہ ایک اہم وزارتی اجلاس میں 12 ممالک کے وزرائے خارجہ نے ایران کی جانب سے کیے جانے والے حالیہ بیلسٹک میزائل اور ڈرون حملوں کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے۔ اجلاس کے بعد جاری ہونے والے مشترکہ اعلامیے میں خطے کی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق وزرائے خارجہ نے شہری آبادی اور کلیدی تنصیبات کو نشانہ بنانے کے ایرانی اقدامات کو بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا۔
اجلاس میں شریک ممالک نے خلیجی ریاستوں، اردن، آذربائیجان اور ترکی پر ایرانی حملوں کو مکمل طور پر ناقابلِ جواز قرار دیتے ہوئے ایران سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ان جارحانہ کارروائیوں کو فوری طور پر روکے اور عالمی قوانین کی پاسداری کرے۔
وزرائے خارجہ نے زور دیا کہ تمام متاثرہ ممالک اقوام متحدہ کے چارٹر کے تحت اپنے دفاع کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔ایران پر زور دیا گیا کہ وہ حسنِ ہمسائیگی کے اصولوں کو اپنائے، خطے کی خودمختاری کا احترام کرے اور دیگر ممالک کے اندرونی معاملات میں مداخلت سے گریز کرے۔
اسلامی ممالک نے مطالبہ کیا کہ ایران مختلف ملیشیاؤں کی مالی و عسکری حمایت اور اسلحہ کی فراہمی فوری طور پر بند کرے اس کے علاوہ عالمی جہاز رانی کے تحفظ کے لیے آبنائے ہرمز اور باب المندب میں امن و امان برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیا گیا اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد نمبر 2817 پر مکمل عملدرآمد کا مطالبہ کیا گیا۔
اجلاس میں لبنان کی صورتحال پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزرائے خارجہ نے لبنان کی خودمختاری، استحکام اور وہاں ریاستی رٹ کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔ ساتھ ہی لبنان میں اسرائیلی جارحیت اور اس کی مبینہ توسیع پسندانہ پالیسیوں کی بھی شدید مذمت کی گئی۔
شرکاء نے اتفاق کیا کہ خطے کی سلامتی اور استحکام کو یقینی بنانے کے لیے مستقبل میں بھی مسلسل مشاورت اور تعاون کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا تاکہ کشیدگی کو کم کر کے امن کی راہ ہموار کی جا سکے۔
عرب اور اسلامی ممالک کے مشاورتی اجلاس کا اعلامیہ جاری
عرب اور اسلامی ممالک کے مشاورتی اجلاس کے اعلامیے میں خطے پر ایرانی حملوں کی پُر زور مذمت کی گئی، جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ایران کے حملوں پر خاموش نہیں رہیں گے حملے نہ رکے تو نتائج سنگین ہوں گے، اپنی خود مختاری کیخلاف خطرات کے سامنے خاموش نہیں رہیں گے۔ ایران فوری اور بلا مشروط جارحیت بند کرے۔۔
اعلامیہ کے مطابق ایران خلیجی ممالک کے سول انفرا اسٹرکچر کو نشانہ بنا رہا ہے، ایران ہوائی اڈوں، تیل تنصیبات، سفارتخانوں اور عوامی مقامات کو نشانہ بنا رہا ہے، یہ حملے کسی صورت جائز نہیں، اقوام متحدہ کے آرٹیکل 51 کے مطابق خلیجی ریاستوں کو دفاع کا حق حاصل ہے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


