پاکستان میں جنوبی پنجاب کا خطہ اپنی زرخیزی کی وجہ سے مشہور ہے۔ جنوبی پنجاب کے اضلاع بہت سی فصلوں کی پنجاب بھر میں سب سے زیادہ پیداوار فراہم کرتے ہیں۔ زرعی پیداوار کے لحاظ سے پنجاب کے 10 سرفہرست اضلاع میں سے سات اس خطے میں موجود ہیں۔ یہ زرخیزی صرف زمین اور فصلوں تک محدود نہیں یہ خطہ ہمیشہ سے مشاہیر کے حوالہ سے بھی کافی ذرخیز رہا ہے اور اگر بات کر لیں کرکٹ کی تو وہاں بھی اس خطہ نے بہت نامور کھلاڑی پیدا کئے ہیں۔ صرف ملتان اور اس کی ڈویژن کی بات کر یں تو اس خطہ نے انضمام الحق، وقار یونس، مشتاق احمد، الٰہی برادران، صہیب مقصود، راحت علی، اسماویہ اقبال اور ثانیہ خان جیسے کئی کھلاڑی بین الاقوامی کرکٹ کو دیئے ہیں۔
کراچی کنگز اور پاکستان انڈر 19 کے اہم کھلاڑی عرفات منہاس کا تعلق کی صوفیاء کے شہر ملتان سے ہے اور یہیں سے انہوں نے محض 8 سال کی عمر میں ہارڈ بال کرکٹ کا آغاز کیا۔ لاہور میں جاری انڈر 19 ورلڈ کپ کے کیمپ کے دوران جنوری کی ایک سرد صبح کراچی کنگز کی ویب سائیٹ سے بات کرتے ہوئے عرفات منہاس نے بتایا کہ ان کے والد کا ان کی کرکٹ میں بہت اہم ہاتھ ہے، "میرے والد کو کرکٹ کا بہت شوق تھا وہ ٹیپ بال کرکٹ کھیلا کرتے تھے لیکن وہ چاہتے تھے کہ میں لیدر بال (ہارڈ بال) کرکٹ کھیلوں۔ ہم گھر میں باقائدگی سے کھیلا کرتے تھے لیکن آٹھ سال کی عمر میں جب مجھے میرے والد نے کلب میں داخل کرایا تو یوں میرا کرکٹ سفر ایک سمت میں استوار ہوا۔ والد کے شوق اور رہنمائی نے ہی حوصلہ افزائی کی کہ ایج گروپ کرکٹ کی منازل طے کرتا ہوا پاکستان انڈر 19 اور پاکستان شاہین کے لئے کھیلا اور اب کراچی کنگز کی نمائندگی کرنے جا رہا ہوں۔”
متعلقہ: خواب و خیال سے حقیقی عروج کی جانب سعد بیگ کا کرکٹ سفر
دنیائے کرکٹ کا رخ بدل دینے والے مسٹر 360 اے بی ڈی ویلیرز عرفات منہاس کے بچپن سے پسندیدہ کھلاڑی ہیں لیکن ان کا کہنا ہے کہ انہوں نے اپنی گیم کو کبھی بھی کسی ایک کھلاڑی کے لے کر ماڈل نہیں کیا، "میں سب ہی سے سیکھتا ہوں اور بغور چیزوں کو دیکھتا ہوں۔ جب بھی کسی بڑے کھلاڑی سے ملاقات کا موقع ملتا ہے میری کوشش ہوتی ہے کہ میں اس سے کچھ نہ کچھ ضرور سیکھوں۔”
Pakistan U19 Sensation and Karachi Kings star all-rounder, Arafat Minhas talks about his journey in cricket and expresses his excitement on being part of #KingsSquad for #HBLPSL9 ❤️#YehHaiKarachi | #KarachiKings pic.twitter.com/NUakiAYuo4
— Karachi Kings (@KarachiKingsARY) January 10, 2024
ایچ بی ایل پاکستان سوپر لیگ کا تجربہ عرفات منہاس کے لئے نیا نہیں ہوگا کیوں کہ وہ گزشتہ برس بھی ملتان سلطانز کے ڈریسنگ روم کا حصہ رہ چکے ہیں اپنے اس تجربہ کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ، "وہ ایک مختلف اور سیکھنے کے عمل سے بھرپور تجربہ تھا بڑے بڑے کھلاڑیوں کے ساتھ ڈریسنگ روم شیئر کرنا ان کے ساتھ فیلڈنگ ڈرلز میں حصہ لینا ان کو نیٹ پر بالنگ کروانا ہر ایک چیز میں میرے لئے سیکھنے کا پہلو تھا۔”
عرفات کا کہنا ہے کہ ان کو پہلی دفعہ پاکستان جونیئر لیگ کے بعد لگا کہ ان کو شہرت ملی ہے، عرفات منہاس ٹورنامنٹ کی رنرز اپ گوادر شارکس کا حصہ تھے اور وہ اس ٹورنامنٹ کہ نہ صرف بہترین آل راؤنڈر قرار پائے بلکہ ٹیم آف دی ٹورنامنٹ کے کپتان بھی مقرر کئے گئے۔ عرفات اپنی اپ تک کی بہترین کارکردگی ان کی 95 رنز کی اننگز کو قرار دیتے ہیں کہ جو انہوں نے پاکستان انڈر 19 کے لئے سری لنکا انڈر 19 کے خلاف کراچی کنگز کے ہوم گراؤنڈ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلی تھی۔
یہ نوجوان آل راؤنڈر ایچ بی ایل پی ایس ایل پلیئرز ڈرافٹ 2024 کی ایمرجنگ کیٹیگری میں کراچی کنگز کا حصہ بنے۔ ڈرافٹ کے دوران عرفات انڈر 19 ایشیا کپ کے سلسلہ میں متحدہ عرب امارات میں موجود تھے اور ڈرافٹ نہیں دیکھ سکے، "ہم لو گ اس دن دبئی میں تھے اور باقاعدہ تقریب کو فالو نہیں کر سکے لیکن گاہے گاہے مجھے اطلاعات مل رہیں تھیں۔ حیدر بھائی (ٹیم ڈائرکٹر کراچی کنگز) کی وجہ سے مجھے امید تھی کہ میں کراچی کنگز میں پک ہو جاؤں گا۔”
کراچی کنگز کا حصہ بننے سے عرفات منہاس کو ایک بار پھر کراچی کنگز اور پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود اور کراچی کنگز کے ٹیم ڈائرکٹر حیدر اظہر کے ساتھ ایک بار پھر سے ڈریسنگ روم شیئر کرنے کا موقع ملے گا اور اس حوالہ سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا، "شان مسعود جس طرح سے جونیئرز کو ساتھ لے کر چلتے ہیں ان کو گائڈ کرتے ہیں وہ بہت فائدہ مند ہوتا ہے۔ حیدر اظہر میرے بڑے بھائیوں کی طرح ہیں اور وہ ڈریسنگ روم کا ماحول بہت اچھے سے بنا کر رکھتے ہیں، اس بار کراچی کنگز کا ڈریسنگ روم ایک مختلف انداز میں نظر آئے گا۔ اور میں بھی اس بار کراچی کنگز کے لئے اپنی خدمات سر انجام دینے کے لئے پر عظم ہوں۔”
نوجوان آل راؤنڈر کراچی کنگز کے شعیب ملک اور محمد نواز کی ڈریسنگ روم میں موجودگی کا بھی فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں اور پر امید ہیں کہ ان دونوں سے کھیل کے مختلف پہلوؤں کے حوالہ سے بہت کچھ سیکھ کر اپنی گیم کو اور بھی بہتر بنائیں گے۔
ایچ بی ایل پی ایس ایل 9 میں کراچی کنگز کے لئے منتخب ہونے پر عرفات منہاس نے انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا، "کراچی کنگز کے اونر سلمان اقبال کا بہت مشکور ہوں کہ انہوں نے مجھ پر اعتماد کا اظہار کیا اور مجھے پاکستان کے سب سے بڑے شہر کی ایچ بی ایل پی ایس ایل فرینچائز کا حصہ بننے کا موقع دیا۔”
عرفات منہاس کا کراچی کنگز کے فینز کے لئے پیغام ہے کہ وہ تیار رہیں، "اس بار آپ کو کنگز کی جانب سے بہت پرجوش کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔”