کراچی: تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی نے کہا ہے کہ سندھ میں پشتونوں کی گرفتاریاں قابل مذمت ہیں ایسے عمل کے ذریعے شہر کو ایک بار پھر لسانیت کے منہ میں دھکیلا جارہا ہے جبکہ شہر قائد پہلے ہی لسانیت کے برے دور سے گزر چکا ہے اب اس سلسلے کو ختم ہونا چاہیے۔
انصاف ہاؤس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے تحریک انصاف کے صدر نے کراچی میں پشتونوں کی گرفتاریوں پر تشیویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہر پشتو بولنے والا افغانی نہیں ہوتا، بغیر کسی جرم کے کراچی کے پشتونوں کو گرفتار کر کے ایف آئی آر کا اندراج کرنا ظلم و زیادتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پشتون پاکستانیوں کی بلاجواز گرفتاریوں کے ذریعے شہر میں ایک بار پھر لسانیت کو ہوا دی ہے جبکہ حکومت بخوبی واقف ہے کہ شہر قائد پہلے ہی لسانیت کے برے دور سے گزر چکا ہے۔
پڑھیں: ’’ کراچی کے مختلف علاقوں میں رینجرز متحرک‘ آٹھ زیر حراست ‘‘
عارف علوی نے کہا کہ تحریک انصاف قومی جماعت ہے اور لسانیت پر یقین نہیں رکھتی اس لیے کراچی کی قیادت نے پشتونوں کی بلاجواز گرفتاریوں کے حوالے سے وزیر اعلیٰ سندھ سے رابطہ کر کےانہیں اپنے تحفظات سے آگاہ کردیا ہے۔
یاد رہے ملک میں حالیہ دہشت گردی کے بعد آپریشن ردالفساد کا آغاز کیا گیا تھا، جس کے تحت ملک بھر سے غیر ملکی باشندوں اور کوائف مکمل نہ ہونے والے افراد کو گرفتار کر کے اُن کے خلاف مقدمات درج کیے جارہے ہیں۔