منگل, اگست 18, 2026
اشتہار

عارف حبیب نے بجلی کی قیمت 15 روپے کم کرنے کا فارمولا بتادیا

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی : معروف کاروباری شخصیت اور عارف حبیب کنسورشیم کے چیئرمین عارف حبیب نے بجلی کی قیمت 15 روپے کم کرنے کا فارمولا بتاتے ہوئے کہا صنعتوں کو فروغ دیا جائے تو فی یونٹ قیمت میں تقریباً 15 روپے تک کمی ممکن ہے۔

تفصیلات کے مطابق معروف کاروباری شخصیت اور عارف حبیب کنسورشیم کے چیئرمین عارف حبیب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ملک میں صنعتوں کو فروغ دیا جائے اور بجلی کے استعمال میں اضافہ کیا جائے تو بجلی کی قیمت موجودہ سطح سے کم ہو کر 15 روپے فی یونٹ تک آسکتی ہے۔

عارف حبیب کا کہنا تھا کہ پاکستان میں بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت موجود ہے، تاہم طلب کم ہونے کے باعث پیداواری صلاحیت سے مکمل فائدہ نہیں اٹھایا جا رہا، اگر بجلی کے استعمال کا تناسب 40 فیصد سے بڑھا کر 50 فیصد کر دیا جائے تو فی یونٹ قیمت میں تقریباً 15 روپے تک کمی ممکن ہے۔

انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ ایسی پالیسیاں متعارف کرائی جائیں جو صنعتوں کی پیداواری صلاحیت میں اضافہ کریں اور بجلی کے استعمال کو فروغ دیں۔

چیئرمین عارف حبیب کنسورشیم نے کہا کہ تعمیراتی شعبے کی حوصلہ افزائی سے نہ صرف صنعتی سرگرمیاں بڑھیں گی بلکہ بجلی کی طلب میں بھی اضافہ ہوگا، جس سے معیشت کو فائدہ پہنچے گا۔

پی آئی اے سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے عارف حبیب کا کہنا تھا کہ قومی ایئرلائن کی بحالی کے لیے مزید طیاروں کی شمولیت ناگزیر ہے، نئے طیاروں کے حصول پر مختلف کمیٹیاں کام کر رہی ہیں، تاہم ان کی فراہمی مینوفیکچررز کے شیڈول سے بھی مشروط ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پی آئی اے کی سینئر مینجمنٹ کو مزید مضبوط بنایا جا رہا ہے اور اضافی طیاروں کی شمولیت کے بعد ایئرلائن کی کارکردگی میں واضح بہتری آئے گی۔

ان کہنا تھا کہ پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) کی تقرری ابھی نہیں ہوئی، جبکہ آئندہ 10 برس میں مرحلہ وار قومی ایئرلائن کے بیڑے کو 60 طیاروں تک بڑھانے کا ہدف رکھا گیا ہے۔

عارف حبیب نے اس بات پر بھی زور دیا کہ کنسٹرکشن سیکٹر کو فروغ دینے سے معیشت کے متعدد اہداف حاصل کیے جا سکتے ہیں اور صنعتی پیداوار میں اضافے سے بجلی سستی ہونے کے ساتھ مجموعی معاشی سرگرمیوں میں بھی بہتری آئے گی۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں