ممبئی: نامور بھارتی گلوکار اریجیت سنگھ کی برطانیہ میں اپنے کنسرٹ کے دوران خاتون مداح سے معافی مانگنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اریجیت سنگھ اس وقت برطانیہ کے دورے پر ہیں جہاں ان کے حالیہ کنسرٹ سے ایک مختصر ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر لوگوں کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔
کلپ میں خاتون مداح کنسرٹ کے دوران اسٹیج کے قریب آنے کی کوشش کر رہی ہیں جنہیں سکیورٹی نے دبوچ لیا جس پر وہ اصرار کرتی رہیں کہ انہیں گلوکار نے خود بلایا ہے۔
لیکن اس کے باوجود سکیورٹی اہلکار نے انہیں گردن سے دبوچ لیا۔ بگڑتی صورتحال کو دیکھتے ہوئے اریجیت سنگھ نے فوراً مداخلت کی اور خاتون کی طرف ارشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کسی کو پکڑنا مناسب نہیں ہے۔
گلوکار نے موجود سامعین سے درخواست کی کہ وہ اپنی نشستوں پر بیٹھ جائیں۔ انہوں نے خاتون سے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ میں واقعی معذرت خواہ ہوں، کاش میں آپ کی حفاظت کیلیے وہاں ہوتا لیکن میں ایسا نہیں کر سکا۔
اریجیت سنگھ کے اس طرز عمل پر مداح خوشی سے جھوم اٹھے۔ جب مذکورہ ویڈیو کلپ سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز پر وائرل ہوا تو صارفین نے گلوکار کے حسن سلوک کی تعریف کی اور انہیں بہترین انسان قرار دیا۔
اس سے قبل ایک ویڈیو سامنے آئی تھی جس میں ان کے ایک پرستار نے اسٹیج پر کھانا رکھ دیا تھا۔ جب گلوکار نے یہ دیکھا تو کھانا اٹھایا اور اپنی سکیورٹی ٹیم کے حوالے کر دیا۔
حال ہی میں لندن میں ایک کنسرٹ کے دوران ارجیت سنگھ کے ساتھ برطانوی گلوکار ایڈ شیران بھی شامل ہوئے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر ایک ساتھ اپنی تصاویر شیئر کیں اور ایڈ کی آمد پر اظہار تشکر کیا۔