(27 جنوری 2026): معروف گلوکار اریجیت سنگھ نے اچانک ریٹائرمنٹ کا اعلان کر کے اپنی خوبصورت آواز سے محظوظ ہونے والے مداحوں کو زبردست دھچکا دے دیا۔
انڈین میڈیا کے مطابق تم ہی ہو، ظالمہ، کلنک، اپنا بنا لے، زمانہ لگے اور دیگر کئی یادگار ہٹ گانوں کے گلوکار ایجیت سنگھ نے ریٹائرمنٹ کی خبر دے کر مداحوں کو مایوس کر دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اریجیت سنگھ اپنی خاتون مداح سے معافی کیوں مانگی؟
اریجیت سنگھ نے بطور پلے بیک سنگر ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔ اپنی روح کو چھو لینے والی اور سریلی آواز کیلیے مشہور گلوکار گزشتہ تقریباً 15 برسوں سے بھارتی فلم انڈسٹری کا اہم حصہ رہے ہیں اور بالی وڈ کے کئی بڑے ہٹ گانوں کی آواز سمجھے جاتے ہیں۔
گلوکار نے دل توڑ دینے والی خبر اپنے ایکس اکاؤنٹ کے ذریعے شیئر کی۔ اپنے بیان میں انہوں نے لکھا کہ سب کو نیا سال مبارک ہو، مجھے بے پناہ محبت دینے پر آپ سب کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں، مجھے یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ اب میں بطور پلے بیک گلوکار کوئی نیا کام قبول نہیں کروں گا، آج اس کا اختتام کر رہا ہوں، یہ زندگی کا ایک شاندار سفر تھا۔
تاہم، اریجیت سنگھ نے یہ واضح کیا کہ وہ گانے بنانا جاری رکھیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں اچھی موسیقی کا مداح ہوں اور مستقبل میں ایک چھوٹے سے فنکار کے طور پر سیکھتا رہوں گا اور مزید کام کروں گا، ایک بار پھر آپ سب کی حمایت کا شکریہ، میرے کچھ پرانے وعدے باقی ہیں جنہیں میں مکمل کروں گا، اس لیے ممکن ہے اس سال آپ کو میری کچھ ریلیز سننے کو ملیں۔
گلوکار نے ایک بار پھر کہا کہ ’میں واضح کر دوں کہ میں موسیقی سے ریٹائرمنٹ نہیں لے رہا۔
یہ خبر سلمان خان کی پروپیگنڈا فلم ’بیٹل آف گلوان‘ کیلیے گائے گئے اریجیت سنگھ کے تازہ گانے کی ریلیز کے محض چند دن بعد سامنے آئی ہے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں



