تازہ ترین

جان بوجھ کر کھانسنا امریکی جوڑے کو مہنگا پڑگیا

واشنگٹن : پولیس نے سپر مارکیٹ میں جان بوجھ کر کھانسے اور شہریوں کی زندگی خطرے میں ڈالنے کے جرم میں امریکی جوڑے کو گرفتار کرلیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ امریکی ریاست ایریزونا میں واقع معروف امریکی سپر مارکیٹ میں پیش آیا، جس کی پاداش میں پولیس نے جرم کے مرتکب میاں بیوی کو گرفتار کرلیا۔

میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ جوڑا مارکیٹ میں خریدای کرنے آیا تو انہوں نے ماسک نہیں پہنا ہوا تھا جس پر مذکورہ میاں بیوی کو مارکیٹ کے ملازمین نے ماسک پہننے کا کہا لیکن انہوں نے انکار کردیا۔

مارکیٹ ملازمین نے جوڑے کے انکار پر 911 پولیس ہیلپ لائن پر کال کرکے مطلع کیا جس پر فوری ایکشن لیتے ہوئے پولیس اہلکار سپر مارکیٹ پہنچے اور جوڑے کو ماسک پہننے کا کہا لیکن جوڑے نے ماسک پہننے کے بجائے مارکیٹ ملازمین پر کھانسا شروع کردیا۔

پولیس اہلکاروں نے شہریوں کی زندگی خطرے میں ڈالنے، احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد نہ کرنے اور جان بوجھ کر کھانس کر عوام کو کرونا وائرس سے خوفزدہ کرنے کے جرم میں گرفتار کرلیا۔

واضح رہے کہ امریکی ریاست ایریزونا میں کرونا وائرس کے سب سے زیادہ کیسز ریکارڈ کیے گئے ہیں جس کے باعث ریاست بھر میں احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل درآمد کرایا جارہا ہے۔

امریکا بھر میں اب تک 33 لاکھ 21 ہزار 900 افراد کرونا وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں جس میں سے 1 لاکھ 37 ہزار سے زائد کرونا متاثرین زندگی کی بازی ہار چکے ہیں۔

Comments

- Advertisement -