ممبئی (14 دسمبر 2025): بالی وڈ کے معروف اداکار ارجن رامپال نے دیرینہ دوست گیبریلا ڈیمیٹریاڈیس سے منگنی کرنے کا اعلان کر کے مداحوں کو سرپرائز دے دیا۔
انڈین میڈیا کے مطابق ارجن رامپال نے حال ہی میں اپنی ذاتی زندگی سے متعلق ایک بڑا انکشاف کیا کہ انہوں نے گیبریلا ڈیمیٹریاڈیس سے منگنی کر لی ہے۔
اداکارہ ریا چکرورتی کے پوڈکاسٹ میں شرکت کے دوران گیبریلا ڈیمیٹریاڈیس نے غیر رسمی انداز میں کہا کہ وہ اور ارجن رامپال ابھی تک شادی شدہ نہیں ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ابھیشیک بچن کا ایشوریا رائے سے طلاق کی افواہوں پر سخت ردعمل
اس پر بالی وڈ اداکار نے فوراً وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ وہ منگنی کر چکے ہیں۔ یہ سن کر ریا چکرورتی خوشگوار حیرت میں مبتلا ہو گئیں۔
واضح رہے کہ جوڑا تقریباً چھ سال سے ایک ساتھ ہے اور ان کے درمیان مضبوط رشتہ قائم ہے۔ دونوں 2 بیٹوں کے والدین ہیں۔
پوڈکاسٹ کے دوران ارجن رامپال نے اپنے تعلق کے بارے میں کھل کر بات کی۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ وہ ابتدا میں گیبریلا ڈیمیٹریاڈیس کی خوبصورتی کی وجہ سے ان کی طرف متوجہ ہوئے تھے۔
گیبریلا ڈیمیٹریاڈیس کون ہیں؟
دو بچوں کی ماں گیبریلا گیبریلا ڈیمیٹریاڈیس صرف ایک اداکار کی لائف پارٹنر ہی نہیں بلکہ ایک باصلاحیت شخصیت بھی ہیں۔ ان کا تعلق جنوبی افریقا سے ہے اور انہوں نے محض 16 برس کی عمر میں ماڈلنگ کا آغاز کیا تھا۔
بعدازاں انہوں نے اپنے شوق کو وسعت دی اور فیشن ڈیزائن میں باقاعدہ تعلیم حاصل کی۔ ماڈلنگ کے علاوہ وہ چند فلموں اور میوزک ویڈیوز میں بھی نظر آ چکی ہیں۔
اس سے قبل ارجن رامپال نے ایک پوڈکاسٹ میں شادی کے بارے میں کہا تھا کہ وہ اور گیبریلا دونوں سمجھتے ہیں کہ ان کا رشتہ قانونی لیبل کے بغیر بھی مکمل ہے۔
واضح رہے کہ گیبریلا ڈیمیٹریاڈیس سے تعلق سے پہلے ارجن رامپال کی شادی ماڈل مہر جیسیا سے ہوئی تھی جن سے اداکار کی دو بیٹیاں ہیں، سابق جوڑا اب بھی مل کر بچوں کی پرورش کر رہا ہے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


