کوئٹہ: آرمی چیف آف اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ نوجوان اور افسران آپریشنز میں بھرپور توانائیاں صرف کررہے ہیں، ابھی کام مکمل نہیں ہوا ہمیں مزید منزلیں طے کرنی ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے کوئٹہ اور کمانڈ ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج میں افسران و فیکلٹی سے خطاب بھی کیا۔
اُن کا کہنا تھا کہ ابھی کام مکمل نہیں ہوا، ہمیں مزید منزلیں طے کرنی ہیں، نوجوان افسران آپریشنز کی تیاریوں میں بھرپور توانائیاں صرف کررہے ہیں۔
آرمی چیف آف اسٹاف کو پاک افغان بارڈرپرباڑ، سیف سٹی، خوشحال بلوچستان پروگرام پربریفنگ دی گئی، جنرل قمر جاوید باجوہ نے سیکیورٹی اقدامات پر اظمینان کا اظہار بھی کیا۔
واضح رہے کہ پاک فوج کے سربراہ کی ہدایت پر خوشحال بلوچستان پیکج کا آغاز کیا گیا تھا، جنرل قمرجاوید باجوہ 24 نومبر کو کوئٹہ پہنچے اور انہوں نے اعلیٰ سطح کے اجلاس میں شرکت کر کے پیکج کی منظوری دی تھی۔
مزید پڑھیں: آرمی چیف کی جانب سے ’خوشحال بلوچستان‘ پیکج کا آغاز
ڈجی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کا کہنا تھا کہ خوشحال بلوچستان پروگرام کا آغاز کردیا گیا ہے جس کا مقصد بلوچستان میں معاشی اور سماجی استحکام لانا ہے جبکہ پروگرام کا مقصد سیکورٹی صورت حال کو بھی مستحکم بنانا ہے۔