منگل, فروری 18, 2025
اشتہار

امن و امان سے متعلق اہم اجلاس، آرمی چیف اور چوہدری نثار کی کراچی آمد

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی : وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان اور آرمی چیف آف اسٹاف جنرل راحیل شریف امن و امان کے حوالے سے اہم اجلاس میں شرکت کے لیے کراچی پہنچ گئے۔

تفصیلات کے مطابق اجلاس میں امجد صابری قتل کیس اور اویس شاہ اغوا کے بعد کی صورت حال کے حوالے سے بریفنگ دی جائے گی اور گرفتار کیے گئے ملزمان کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا جائے گا۔

آرمی چیف آف اسٹاف کور ہیڈ کوارٹر کراچی اور سندھ رینجرز ہیڈ کوارٹر کا دورہ کریں گے۔ ذرائع کے مطابق کور ہیڈ کوارٹر میں ہونے والے اجلاس میں کراچی آپریشن کو تیز کرنے اور اس میں بہتری لانے کے حوالے سے اہم فیصلے کیے جائیں گے جبکہ رینجرز ہیڈ کوارٹر میں گرفتار ملزمان اور امجد صابری قتل کیس میں پیش رفت سے آگاہ کیا جائے گا۔

جنرل راحیل شریف ائیر پورٹ سے سندھ رینجرز ہیڈ کوارٹر کا دورہ کریں گے بعد ازاں کور ہیڈ کوارٹر کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔ اجلاس میں کراچی آپریشن کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے بلاتفریق کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت بھی دی جائے گی۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ’’ آرمی چیف کے سندھ رینجرز ہیڈکوارٹر دورے کے موقع پر ڈی جی رینجرز میجر جنرل بلال اکبر نے کراچی آپریشن پر بریفنگ دی اور اویس شاہ اغوا اور امجد صابری قتل کیس میں اب تک ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا‘‘۔

اس موقع پر آرمی چیف نے رینجرز افسران سے خطاب کرتے ہوئے کراچی آپریشن میں رینجرز کے کردار کو سراہا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ ’’ شہر سے جلد دہشت گردوں کا صفایا کر کے دم لیں گے، دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو منطقی انجام تک ضرور پہنچایا جائے گا‘‘۔

آرمی چیف کے ہمراہ ڈی جی آئی ایس آئی، ڈی جی ایم آئی اور کور کمانڈر کراچی بھی موجود تھے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں