راولپنڈی : آرمی چیف جنرل قمر باجوہ سے آذربائیجان کے وزیردفاع نے جی ایچ کیو میں ملاقات کی، ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آذربائیجان کے وزیردفاع نے آرمی چیف سے ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی سلامتی کی صورتحال کے علاوہ دوطرفہ تعاون پر گفتگو کی۔
جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ پاکستان آذربائیجان کے ساتھ تعلقات کو قدرکی نگاہ سے دیکھتا ہے، دونوں ممالک میں جیواسٹریٹجک اہمیت اور اقتصادی تعاون کے وسیع امکانات ہیں۔
آرمی چیف نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ خطے میں امن کیلئے کوششوں سمیت دوطرفہ تعلقات کو فروغ دیا جائے گا، او آئی سی وزرائےخارجہ اجلاس افغان صورتحال سے نمٹنےمیں مددگار ثابت ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ اجلاس عالمی برادری کے مشترکہ وژن اور حکمت عملی کیلئے تاریخی پیشرفت ہے، خطے میں امن واستحکام کیلئے ابھرتے چیلنجز کا حل تلاش کیا جا سکے گا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آذربائیجان کے وزیردفاع نے علاقائی استحکام میں پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے ہر سطح پر تعاون میں بہتری کیلئے کردار ادا کرنے کا عہد کیا۔
اس کے علاوہ آذربائیجان کے وزیر دفاع نے او آئی سی وزرائے خارجہ اجلاس کی میزبانی پر پاکستان کی کوششوں کو بھی سراہا۔