سوات : آرمی چیف جنرل قمر جاویدباجوہ نے سوات میں آرمی پبلک،اسکول اینڈ کالج اور مہمندایجنسی میں سڑک کا افتتاح کردیا اور کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے تعاون پر قبائلیوں کے شکرگزار ہیں، امن واستحکام کے حصول کے بعد اب ترقیاتی کام بھرپور انداز میں جاری ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے سوات کادورہ کیا اور کانجو گیریژن میں آرمی پبلک اسکول اینڈ کالج کا افتتاح کیا، جس میں تین ہزار چھ سو طلبا کی گنجائش ہے۔
اس موقع پر آرمی چیف کا کہنا تھا کہ آرمی پبلک اسکول اور کالج علاقے کے عوام کیلئے تحفہ ہے، معیاری تعلیم کی فراہمی سے امن واستحکام کو تقویت ملتی ہے، ادارے کا قیام عوام کی دہشتگردی کے خلاف قربانیوں کا اعتراف ہے، آرمی چیف سےآرمی پبلک اسکول اینڈکالج کے بچے بھی ملے۔
مقامی عمائدین نے سوات میں اے پی ایس کے قیام پر آرمی چیف سے اظہار تشکر کیا۔
اس سے قبل آرمی چیف جنرل قمر جاویدباجوہ نے مہمند ایجنسی میں غلنئی تا مہمند گٹ سڑک کا افتتاح بھی کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اکتالیس کلومیٹر طویل سڑک کے چودہ کلومیٹر فیز ون کا افتتاح کیاگیا، منصوبے میں شامل سات سو اکیاون میٹر طویل ناہاکی ٹنل بھی مکمل ہوگیا ہے۔
آرمی چیف جنرل باجوہ سےقبائلی عمائدین بھی ملے، تقریب سے خطاب میں جنرل قمرجاویدباجوہ نے کہا امن واستحکام کے حصول کے بعد اب ترقیاتی کام بھرپورانداز میں جاری ہے۔
آرمی چیف جنرل قمر جاویدباجوہ کے دورے کےموقع پرگورنرخیبر پختونخوا، کورکمانڈر پشاور اور ڈی جی ایف ڈبلیو او بھی موجودتھے۔