راولپنڈی : چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے مستونگ خود کش دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے ان کا کہنا ہے کہ پاکستان ایک لائق سیاسی رہنما سے محروم ہوگیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے مستونگ میں ہونے والے خود کش دھماکے میں بے گناہ افراد کی شہادت پر اپنے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے دہشت گردی کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج پاکستان ایک لائق سیاسی رہنما سراج رئیسانی سے محروم ہوگیا، ملک دشمنوں کو جمہوری سرگرمیاں معطل نہیں کرنے دیں گے، انہوں نےکہا کہ انشاءاللہ تمام پاکستانی متحد ہوکر دشمن قوتوں کو شکست دیں گے۔
مزید پڑھیں: مستونگ دھماکا، سراج رئیسانی سمیت 128 افراد شہید، متعدد کی حالت تشویشناک
واضح رہے کہ بلوچستان کے ضلع مستونگ میں بلوچستان عوامی پارٹی کی کارنر مٹینگ میں خود کش دھماکے کے نتیجے میں اب تک 128 افراد شہید ہوچکے ہیں جبکہ122زخمی ہیں جن میں سے متعدد کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔