راولپنڈی : آرمی چیف جنرل راحیل شریف افغانستان میں قیام امن کے لئے سہہ فریقی مذاکرات کے بحالی کے لئے منعقد ہونے والے اجلاس میں شرکت کے لئے ایک روزہ دورے پرکابل پہنچ گئے ہیں۔
آرمی چیف نے دورہ کابل پر افغان صدر اشرف غنی اور عسکری حکام سے ملاقاتیں کی۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے صدارتی محل پہنچنے پر انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے افغان صدر اشرف غنی اور چیف ایگزیکیٹو عبداللہ عبداللہ سے ملاقاتیں کیں۔ جس میں امن مذاکرات، سرحدوں کے انتظامی امور اور افغانستان میں امن کی بحالی کے لئے تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ جنر راحیل شریف نے انسداد دہشت گردی آپریشن میں تعاون پربھی بات کی۔ امن عمل کے دوبارہ آغاز کیلئے 4 فریقی فریم ورک کے مطابق کام پر اور ایک دوسرے کیخلاف اپنی سرزمین استعمال نہ کرنے دینے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
آرمی چیف نے سرحدی دراندازی روکنے کیلئے اور مؤثر حکمت عملی کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف بگرام بیس بھی گئے اور جنرل کیمبل سے ملے۔
ملاقات میں افغان امن عمل،سیکیورٹی تعاون پرتبادلہ خیال ہوا اور مری امن عمل بحال کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ افغان امن کیلئے 4 فریقی اجلاس جنوری میں ہوگا۔