راولپنڈی : آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے یوم دفاع پر پیغام میں کہا کہ پاک فوج دشمن کی کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے ہر دم تیار ہے۔
تفصیلات کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے یوم دفاع کے موقع پر پیغام میں کہا کہ یوم دفاع و شہدا ہماری قومی و عسکری تاریخ کا ایک اہم سنگ میل ہے، یہ دن ہمیں اپنی مسلح افواج کی لازوال قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔
جنرل سید عاصم منیر کا کہنا تھا کہ 65 کی جنگ میں مسلح افواج نے دشمن کی جارحیت کوجرات اورپیشہ ورانہ مہارت سےناکام بنایا، 65کی جنگ میں قومی اتحادویکجہتی کاعظیم جذبہ دیکھنے میں آیا، اسی جذبے سے ہم نے دشمن کی جارحیت کو ناکام بنایا۔
آرمی چیف نے کہا کہ پاک فوج اپنے نظم و ضبط اوراعلیٰ پیشہ ورانہ معیار کی بدولت دنیا میں نمایاں مقام رکھتی ہے، ایمان، تقوی اور جہاد فی سبیل للہ ہمارا طرہ امتیاز ہے ، پاک فوج دشمن کی کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے ہر دم تیار ہے اور دفاع وطن کو اپنی جان سے مقدم رکھنا پاک فوج کے ہر افسر اور جوان کا عزم ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ شہدا کی قربانیاں، غازیوں کے کارنامے ہمارے لیے قابل تقلید مثالیں ہیں، شہدا کے خون سے آزادی کے چراغ روشن ہوتے ہیں، شہدا کا تقدس اور احترام ہماری اہم ذمہ داری ہے۔
جنرل سید عاصم منیر نے مزید کہا کہ پاک فوج اور عوام کے مابین اعتماد و یگانگت ہماراقیمتی اثاثہ ہے، حال ہی میں بعض عناصر نے عوام اور فوج کے مقدم رشتے پر وار کرنے کی مذموم کوشش کی، افواج پاکستان نے بحیثیت ایک قومی ادارہ نہایت تحمل اور سمجھ داری سے اسے ناکام بنایا۔
آرمی چیف کا کہنا تھا کہ مسلح افواج نے جس جانفشانی سے دہشتگردی کا مقابلہ کیا اسکی مثال نہیں، پاک فوج عوام کی خواہشات اور امنگوں کا محور ہے، مضبوط معیشت مضبوط دفاع کے لیے ناگزیر ہے۔
انھوں نے امید ظاہر کی کہ باہمی تعاون سے پاکستان اقتصادی ترقی کی راہ پر گامزن ہو گا۔