راولپنڈی : پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے چینی سفیر سن وی ڈونگ سے الوداعی ملاقات کی، ملاقات میں چینی سفیر نے خطے میں امن اور استحکام کیلئے پاک فوج کے کردار کو سراہا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کے مطابق پاکستان میں متعین چینی سفیر سن وی ڈونگ نے جی ایچ کیو راولپنڈی کا دورہ کیا اور پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے الوداعی ملاقات کی ۔
میجر جنرل آصف غفور کا کہنا ہے کہ اس ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور سمیت علاقائی سکیورٹی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ، چینی سفیر نے خطے میں امن اور استحکام کیلئے پاک فوج کے کردار کو سراہتے ہوئے زور دیا کہ پاکستان دوست ممالک کے ساتھ بہتر تعلقات کے فروغ کیلئے اسی انداز میں کام جاری رکھے۔
اس موقع پر پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاویدباجوہ نے پاک چین تعلقات میں چینی سفیر کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان خطے میں سکیورٹی کی فضاء میں بہتر ی اور علاقائی تعاون کے فروغ کیلئے اپنا کردار کرتا رہے گا۔
خیال رہے کہ چینی سفیر آئندہ چند روز میں اپنے عہدہ سفارت کی معیاد مکمل ہونے پر سبکدوش ہو رہے ہیں۔