راولپنڈی : آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے انجینیرز سینٹررسالپور کا دورہ کیا جہاں لیفٹیننٹ جنرل جاوید محمود بخاری کو انجینیرنگ کور کے کرنل کمانڈنٹ کے بیج لگائے اور تقریب کے بعد آرمی چیف جوانوں اور افسران میں گھل مل گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ مختصر دورے پر انجینیرز سینٹر رسالپور پہنچے اور مختلف شعبوں کا جائزہ لیا اور جوانوں اور افسران کے عزم و حوصلے کی تعریف کی۔
دریں اثناء ایک پُر وقار تقریب میں پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر باجوہ نے انجینیرنگ کور کے لیفٹیننٹ جنرل جاویدمحمودبخاری کوانجینیرنگ کور کے کر نل کمانڈنٹ کے بیج لگائے، خیال رہے کہ مخلتف کورسز میں امتیازی کارکردگی دکھانے والے لیفٹیننٹ جنرل جاوید محمود بخاری نے پی ایم اے سے اعزازی شمشیر حاصل کر رکھی ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر باجوہ تقریب کے بعد جوانوں اور افسران میں گھل مل گئے اور پیشہ ورانہ امور پر غیر رسمی گفتگو بھی کی، اس باوقار تقریب میں رئٹائرڈ اور حاضر سروس افسروں کی ایک کثیر تعداد نے شرکت کی۔