تازہ ترین

ملک توڑنے کی بات کرنے والے جلد قانون کی گرفت میں‌ ہوں‌ گے، آرمی چیف

راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ ایک طرف ہمارے جوان شہید ہورہے ہیں دوسری طرف سمندر پار بیٹھے لوگ فوج اور ملک کو گالیاں دے رہے ہیں اور ملک توڑنے کی بات کرتے ہیں، ایسے لوگ جلد قانون کی گرفت میں ہوں گے۔

یہ بات انہوں نے مری کے قریب واقع گاؤں میں موجود شہید لیفٹیننٹ ارسلان عالم کے گھر آمد کے بعد بیان دیتے ہوئے کہی۔ انہوں نے شہید کے والدین سے ملاقات کی اور انہیں دلاسا دیا اور کہا کہ بیٹے کی شہادت پر ایسے والدین کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

ایسے جوانوں کی موجودگی تک ملک کا کچھ نہیں بگڑ سکتا

آرمی چیف نے کہا کہ میں شہید ارسلان کے والدین کوخراج تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے اس ملک کے لیے اپنے بیٹے کا نذرانہ پیش کیا، ارسلان 3 بہنوں کا اکلوتا بھائی تھا، آفرین ہے اس کے والدین پر، جب تک ایسے والدین موجود ہیں جو اس ملک کے لیے اپنے بچے قربان کرنے کے لیے تیار ہیں تو اس ملک کو کچھ نہیں ہوسکتا۔

جس دن کوئی جوان شہید ہو، وہ رات میرے لیے مشکل ہوتی ہے

انہوں نے کہا کہ جس وقت بھی کوئی میرا جوان شہید ہوتا ہے تو وہ رات میرے لیے بہت مشکل ہوتی ہے،محسوس ہوتا ہے کہ میرے جسم کا کوئی حصہ کٹ گیا ہو لیکن جب صبح بھرپور ارادے کے ساتھ بیدار ہوتا ہوں کہ مجھے کام کرنا ہے کہ شہید کا خون رائیگاں نہ جائے۔

آرمی چیف کا ویڈیو بیان

سمندر پار بیٹھے لوگ فوج اور ملک کو گالیاں دے رہے ہیں

آرمی چیف نے کہا کہ ہم اس ملک کے لیے اپنے بہت خوبصورت نوجوان قربان کررہے ہیں دوسری طرف سمندر پار بیٹھے کچھ لوگ کافی عرصے سے فوج اور ملک کو گالیاں دے رہے ہیں اور ملک توڑنے کی بات کرتے ہیں، میں انہیں بتادیناچاہتا ہوں کہ جب تک ہمارے پاس ایسے بہادر جوان موجود ہیں ملک پر کوئی آنچ نہیں آئے گی اور عنقریب ایسے افراد پر قانون کی گرفت ہوگی۔

ملک میں آئین اور قانون کی عمل داری ہوگی

قمر باجوہ نے کہا کہ ہم نے تہیہ کیا ہوا ہے کہ ملک کو دہشت گردی سے پاک کرنا ہے، اس کے لیے پاکستان میں آئین اور قانون کی عمل داری ہوگی اور یقینی بنائیں گے کہ پاکستان ایک مضبوط اور بہترین ملک بن جائے۔

تمام شہدا کو سلام پیش کرتا ہوں

انہوں نے کہا کہ فوج سمیت،ایف سی، پولیس، رینجرز سمیت دیگر تمام  سیکیورٹی اداروں کے شہدا کے لواحقین کو سلام پیش کرتا ہوں جن کی قربانیوں کی وجہ سے پاکستان دن بہ دن امن کی طرف بڑھ رہا ہے۔

عوام فکر نہ کریں، پاکستان کا کوئی کچھ نہیں بگاڑ سکتا

آرمی چیف نے مزید کہا کہ عوام فکر نہ کریں ہم اندرونی و بیرونی سازش کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں، جب تک عوام کی قوت ہمارے ساتھ ہے جس کے ساتھ فوج کا محبت کار شتہ ہے پاکستان کا کوئی کچھ نہیں بگاڑ سکتا۔

Comments

- Advertisement -