اسلام آباد: آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے نو دہشت گردوں کی سزائے موت کی توثیق کردی۔
پریڈ لین مسجد، آئی ایس آئی ہیڈکوارٹرزاور دیگرحملوں میں ملوث نو دہشت گردوں کی قسمت کا فیصلہ ہوگیا، آرمی چیف نے مزید نو دہشت گردوں کے موت کے پروانوں پر دستخط کردیئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردوں میں محمدغوری، عبدالقیوم، عمران، اقسن محبوب، عبد الرؤف گجر، محمدہاشم، سلمان،شفقت فاروقی اور فرحان شامل ہیں، تمام دہشت گردوں کو فوجی عدالت نے سزائے موت سنائی تھی۔
دہشتگرد محمد غوری پریڈلین مسجد پر حملے میں ملوث تھا اور کالعدم تحریک طالبان پاکستان کا میڈیا انچارج بھی تھا، دہشتگرد عبدالقیوم آئی ایس آئی ہیڈکوارٹرز ملتان اور کالعدم ٹی ٹی پی کا عمران سیکیورٹی اہلکاروں پرحملوں میں ملوث تھا جبکہ اقسن محبوب القاعدہ کا متحرک رکن تھا۔
دہشت گرد عبد الرؤف گجر، محمدہاشم، سلمان، شفقت فاروقی اور فرحان کالعدم تنظیم سپاہ صحابہ کے کارندے تھے۔