ہفتہ, جنوری 18, 2025
اشتہار

آرمی چیف کی سینیٹ کو بریفنگ، کب کیا ہوا ؟ لمحہ بہ لمحہ رپورٹ

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : سپہ سالار پاک فوج آرمی چیف قمر باجوہ کی سینیٹ کی قائمہ کمیٹی اجلاس میں شرکت کے لیے پہنچے تو ڈپٹی چیئرمین سینیٹ عبد الغفور حیدری نے اُن کا استقبال کیا، اس موقع پر ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار، ڈی جی ایم او میجر جنرل ساحر شمشاد اور ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور بھی اُن کے ہمراہ موجود تھے.

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مولانا عبدالغفورحیدری آرمی چیف اور دیگر اعلیٰ حکام کو چئیرمین سینیٹ رضا ربانی کے چیمبر تک لے کر گئے اور اس دوران آرمی چیف کو دستور گلی سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کرتے رہے جس میں آرمی چیف نے گہری دلچسپی لی.

چیئرمین سینیٹ رضا ربانی کے چیمبر میں پہنچنے بعد وہ آرمی چیف اور دیگر اعلیٰ حکام کو لے کر ایوان پہنچے جہاں بند کمرہ بریفنگ ہوئی اور آرمی چیف اوران کی ٹیم نے اراکین سینیٹ کے سوالوں کے جوابات دیے، اس دوران علاقائی سیکورٹی کی صورت حال، اسلام آباد دھرنا اور ملک کی مجموعی سیاسی صورت حال سمیت دیگر معاملات پر بات ہوئی.

- Advertisement -

ڈی جی ایم او ساحر شمشاد نے ایک گھنٹہ بریفنگ دی جس کے بعد تین گھنٹے تک سینیٹرز نے اسلام آباد دھرنے سمیت مختلف معاملات پر سوال کیے اس حوالے سینیٹر نہال ہاشمی نے میڈیا کو بتایا کہ آرمی چیف کا کہنا تھا کہ اسلام آباد دھرنے میں فوج ملوث نہیں تھی اور اگر ایسا کوئی ثبوت ملا تو وہ مستعفی ہوجائیں گے.

سینیٹر راجہ ظفر الحق نے بتایا کہ ایک سوال کے جواب میں آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے واضح کیا کہ وہ سیاسی عزائم نہیں رکھتے اور اس قبل بھی کئی بار اپنے بیانات میں جمہوریت کا دلدادہ ہونے کا اعتراف کر چکے ہیں اور بہتر ورکنگ ریلیشن شپ کے لیے حکومت کے فیصلوں کا احترام کیا جائے گا.

ذرائع کے مطابق ٹی وی چینلز پر تجزیہ کرتے دفاعی تجزیہ نگاروں کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں اراکین پارلیمنٹ کو بتایا گیا کہ ریٹائرڈ افسران کسی بھی ٹاک شو میں اپنی زاتی حیثیت میں جاتے ہے اور ان کے خیالات کا فوج کی پالیسی یا ہدایات سے کوئی تعلق نہیں.

بعد ازاں ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل غفور نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ آج کا سیشن بہت اہمیت کا حامل تھا جس میں واضح کردیا گیا کہ جمہوریت کو فوج سے کوئی خطرہ نہیں ہے جو معلومات میں کمی کی وجہ سے افواہوں میں تبدیل ہو گئی تھیں جنہیں دور کردیا گیا ہے.

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر غفور نے کہا کہ دھرنے والوں کو پیسے دینے کے حوالے سے اجلاس میں کوئی بات نہیں ہوئی ہے اس حوالے سے جتنی باتیں پھیلائی جا رہی ہیں اُن میں کوئی صداقت نہیں ہے.

اجلاس کے اختتام کے بعد آرمی چیف قمر باجوہ چیئرمین سینیٹ رضا ربانی کے ساتھ ایوان سے باہر آئے اس موقع پر ایک صحافی نے آرمی چیف کو مخاطب کرتے ہوئے سوال پوچھا کہ دن کیسا گزرا تو سپہ سالار نے کہا کہ آج کا تاریخی دن بہت اچھا گزرا ہے.

یاد رہے  کہ سپہ سالار اراکین سینیٹ کی دعوت پر اجلاس میں پہنچے تھے اور یہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ہوا ہے کہ کسی آرمی چیف نے سینیٹ کی کمیٹی کے ارکان کو ان کیمرہ بریفنگ دی ہو۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں