کراچی : امریکا سے آنے والے مسافر سے ہزاروں گرام سونے کے زیورات اور کمرشل مقدار میں کاسمیٹکس، پرفیومز اور ہینڈ بیگز برآمد کرلئے گئے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کسٹمز نے کراچی ایئرپورٹ پر بڑی کارروائی کرتے ہوئے ہزاروں گرام سونے کے زیورات سمیت کمرشل مقدار میں سامان برآمد کر لیا۔
ایف بی آرنے بتایا کہ برآمد شدہ سامان کی مجموعی مالیت تقریباً 5 کروڑ 80 لاکھ روپے ہے۔
پاکستان کسٹمز کے اسپیشل پروفائلنگ سیل نے پروفائلنگ اور شبے کی بنیاد پر امریکہ سے اتحاد ایئرلائن کے ذریعے آنے والے ایک مسافر کو گرین چینل سے ریڈ چینل منتقل کیا۔
اسکیننگ کے دوران مسافر کے سامان میں کمرشل مقدار میں کاسمیٹکس، پرفیومز، ہینڈ بیگز اور سونے کے زیورات کی موجودگی ظاہر ہوئی۔
بعد ازاں مسافر کو جانچ کاؤنٹر پر منتقل کیا گیا، جہاں جسمانی تلاشی کے دوران 1185 گرام سونے کے زیورات کے ساتھ کاسمیٹکس، پرفیومز اور ہینڈ بیگز برآمد کر لیے گئے۔
سونے کے زیورات کی تصدیق اور قیمت کے تعین کے لیے جیولر کو طلب کیا گیا، جس نے وزن اور نوعیت کی تصدیق کی۔
محمد صلاح الدین اے آروائی نیوز سے وابستہ سینئر صحافی ہیں اور ایوی ایشن سے متعلقہ امور کی رپورٹنگ میں مہارت رکھتے ہیں


