ہفتہ, جون 6, 2026
اشتہار

ایس ایچ او پیرآباد کو ساڑھے 4 لاکھ روپے ہفتہ رشوت دیتے تھے، گرفتار منشیات فروشوں کے چونکا دینے والے انکشافات

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی : گرفتار منشیات فروشوں نے پولیس افسران کی سرپرستی کے حوالے سے چونکا دینے والے انکشافات کرتے ہوئے کہا ایس ایچ او پیرآباد کو ساڑھے 4 لاکھ روپے ہفتہ رشوت دیتے تھے۔

ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان نے منشیات کے خلاف ‘زیرو ٹالرنس’ پالیسی کے تحت بڑا ایکشن لیتے ہوئے ایس ایچ او پیرآباد انیس شیخ کو معطل کر دیا ہے۔

معطل افسر کو سسپنڈڈ کمپنی بھیج دیا گیا ہے، جبکہ ان کے خلاف منشیات فروشوں کی پشت پناہی کے سنگین الزامات سامنے آئے ہیں۔

حساس ادارے اور سی آئی اے نے پیرآباد کے علاقے نیو میانوالی کالونی میں ٹارگٹڈ آپریشن کیا، جس کے دوران دو انتہائی مطلوب منشیات فروش خالد اقبال اور اکرم نیازی کو گرفتار کر لیا گیا تاہم گرفتار ملزمان کے خلاف اے وی سی سی (AVCC) میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

دورانِ تفتیش گرفتار منشیات فروشوں نے پولیس افسران کی سرپرستی کے حوالے سے چونکا دینے والے بیانات دیے، ملزمان نے انکشاف کیا کہ وہ ایس ایچ او پیرآباد کو ساڑھے 4 لاکھ روپے ہفتہ رشوت دیتے تھے اور مجموعی طور پر ایس ایچ او کو ماہانہ 18 لاکھ روپے بھتہ ادا کیا جاتا تھا۔

منشیات فروشوں کے انکشافات کے بعد ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ منشیات فروشوں کی سرپرستی کرنے والے پولیس افسران صرف معطل نہیں بلکہ ملازمت سے برطرف کیے جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس گندے دھندے میں ملوث کسی بھی پولیس افسر کو رعایت نہیں دی جائے گی ، شہر بھر سے منشیات کے خاتمے کے لیے پولیس اور حساس اداروں کے مشترکہ آپریشنز جاری رہیں گے۔

اعلیٰ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ پولیس کے اندر موجود ‘کالی بھیڑوں’ کا خاتمہ ترجیح ہے تاکہ شہر کو منشیات جیسی لعنت سے پاک کیا جا سکے اور قانون کی بالادستی قائم ہو۔

+ posts

نذیر شاہ کراچی میں اے آر وائی نیوز سے وابستہ نمائندہ خصوصی ہیں، وہ 16 سال سے زائد عرصے سے اپنے شعبے میں مصروف عمل ہیں اور انویسٹیگیٹو نیوز بریکنگ میں مہارت رکھتے ہیں، اور کراچی کے جرائم اور پولیس نظام سے متعلق گہری سمجھ بوجھ کے حامل ہیں۔

اہم ترین

نذیر شاہ
نذیر شاہ
نذیر شاہ کراچی میں اے آر وائی نیوز سے وابستہ نمائندہ خصوصی ہیں، وہ 16 سال سے زائد عرصے سے اپنے شعبے میں مصروف عمل ہیں اور انویسٹیگیٹو نیوز بریکنگ میں مہارت رکھتے ہیں، اور کراچی کے جرائم اور پولیس نظام سے متعلق گہری سمجھ بوجھ کے حامل ہیں۔

مزید خبریں